گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی اور پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید احمد المالکی نے سعودی ایئرلائنز کے نئے دفتر کی افتتاحی تقریب میں بطورِ مہمانِ خصوصی شرکت کی۔گورنر ہاوس پشاور تر جمان کے مطابق دونوں شخصیات نے مشترکہ طور پر سعودی ایئرلائنز کے نئے دفتر کا افتتاح کیا اور بعد ازاں دفتر کے مختلف شعبوں کا دورہ کرتے ہوئے فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ …
پشاور میں سعودی ایئرلائنز کے نئے دفتر کی افتتاحی تقریب منعقد

مزید خبریں
پشاور۔ 14 جولائی (اے پی پی):گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی اور پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید احمد المالکی نے سعودی ایئرلائنز کے نئے دفتر کی افتتاحی تقریب میں بطورِ مہمانِ خصوصی شرکت کی۔گورنر ہاوس پشاور تر جمان کے مطابق دونوں شخصیات نے مشترکہ طور پر سعودی ایئرلائنز کے نئے دفتر کا افتتاح کیا اور بعد ازاں دفتر کے مختلف شعبوں کا دورہ کرتے ہوئے فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔تقریب میں سعودی ایئرلائن کے کنٹری ڈائریکٹر، سعودی سفارتخانہ کے حکام، ٹریول ایجنٹس اور کاروباری شخصیات نے بھی شرکت کی۔سعودی ایئرلائنز کا خیبرپختونخوا میں یہ پہلا دفتر ہے جہاں سے ہفتے میں چھ پروازیں آپریٹ کی جائیں گی۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر فیصل کریم کنڈی نے سعودی سفیر نواف بن سعید احمد المالکی کو پشاور آمد پر خوش آمدید کہا اور سعودی ایئرلائنز کے نئے دفتر کے قیام کو خیبرپختونخوا کے لیے خوش آئند پیش رفت قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ اس دفتر کے قیام سے صوبے کے عوام بالخصوص حج، عمرہ اور سعودی عرب جانے والے مسافروں کو بہتر اور آسان سفری سہولیات میسر آئیں گی۔ گورنر نے کہا کہ خیبرپختونخوا سے ہر سال بڑی تعداد میں شہری حج، عمرہ اور روزگار کے سلسلے میں سعودی عرب جاتے ہیں، اس لیے پشاور سے جدہ، ریاض اور مدینہ کے لیے براہِ راست پروازوں کا آغاز وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے سعودی سفیر سے پشاور میں سعودی قونصل خانہ قائم کرنے کی درخواست بھی کی۔
قونصل خانے کے قیام سے خیبرپختونخوا کے عوام کو ویزا اور قونصلر خدمات کے حصول میں بڑی سہولت ملے گی، انہوں نے امید ظاہر کی کہ سعودی سفیر اس سلسلے میں مؤثر کردار ادا کریں گے۔ گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات باہمی اعتماد، اخوت اور دیرینہ تعاون پر استوار ہیں اور دونوں برادر ممالک کے تعلقات ہر گزرتے دن کے ساتھ مزید مضبوط ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مشکل وقت میں سعودی عرب نے ہمیشہ پاکستان کا ساتھ دیا جسے پاکستانی قوم قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔
گورنر نے مزید کہا کہ حرمین شریفین کی خدمت اور حفاظت کے لیے پاکستانی افواج پر سعودی اعتماد پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہے۔ گورنر خیبرپختونخوا نے اس امید کا اظہار بھی کیا کہ پاکستانی اور سعودی تاجروں کے درمیان تجارتی روابط کے فروغ سے دونوں ممالک کی معیشت کو فائدہ ہوگا اور باہمی تعاون کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ تقریب کے اختتام پر سعودی سفیر نے گورنر خیبرپختونخوا کو یادگاری شیلڈ بھی پیش کیں۔








