خیبرپختونخوا کے وزیر توانائی نذیر احمد عباسی کی زیر صدارت خیبر پختونخوا آئل اینڈ گیس کمپنی لمیٹڈکے کمیٹی روم میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں کمپنی کی مجموعی کارکردگی
صوبائی وزیر توانائی کی زیر صدارت خیبر پختونخوا آئل اینڈ گیس کمپنی لمیٹڈ کی کارکردگی، سرمایہ کاری و مستقبل کے لائحہ عمل حوالے اجلاس

مزید خبریں
پشاور۔ 14 جولائی (اے پی پی):خیبرپختونخوا کے وزیر توانائی نذیر احمد عباسی کی زیر صدارت خیبر پختونخوا آئل اینڈ گیس کمپنی لمیٹڈکے کمیٹی روم میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں کمپنی کی مجموعی کارکردگی، جاری و مجوزہ منصوبوں، سرمایہ کاری، ریونیو جنریشن، توانائی کے شعبے میں درپیش چیلنجز اور مستقبل کی حکمت عملی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں سیکرٹری توانائی نثار احمد، چیف ایگزیکٹو آفیسر ناصر خان، اسسٹنٹ پراجیکٹ منیجر اویس شکیل، منیجر ایکسپلوریشن شیراز خان، چارٹرڈ سرٹیفائیڈ اکاؤنٹنٹ اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔اجلاس کے آغاز میں چیف ایگزیکٹو آفیسر ناصر خان نے کمپنی کی مجموعی کارکردگی پر جامع بریفنگ دیتے ہوئے خیبر پختونخوا میں تیل و گیس کی تلاش، جاری اور مجوزہ منصوبوں، تیل و گیس کی پیداوار و کھپت، سرمایہ کاری کے امکانات، قدرتی وسائل کے مؤثر استعمال، صوبائی محصولات میں اضافے، توانائی کے شعبے کو درپیش چیلنجز اور مستقبل کے ترقیاتی اہداف سے متعلق تفصیلی آگاہ کیا۔اجلاس میں جاری منصوبوں پر پیش رفت کو فاسٹ ٹریک کرنے، تیل و گیس کی تلاش کے عمل کو جدید خطوط پر استوار کرنے، سرمایہ کاری کے فروغ، ریونیو جنریشن میں نمایاں اضافہ، ادارہ جاتی استعداد کار کو مزید مضبوط بنانے، عوامی مفاد کے تحفظ اور توانائی کے منصوبوں کو درپیش سکیورٹی چیلنجز سے مؤثر انداز میں نمٹنے کے لیے جامع حکمت عملی پر تفصیلی غور کیا گیا۔
اس موقع پر صوبائی وزیر توانائی نذیر احمد عباسی نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ تمام جاری منصوبوں پر بروقت، شفاف اور تیز رفتار عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور ان کی پیش رفت کو فاسٹ ٹریک بنیادوں پر آگے بڑھایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں موجود توانائی کے وسائل سے بھرپور استفادہ کرتے ہوئے سرمایہ کاری میں اضافہ، ریونیو جنریشن میں بہتری اور صوبے کی معاشی ترقی کے لیے مؤثر اور قابلِ عمل اقدامات کیے جائیں۔صوبائی وزیر نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ توانائی کے منصوبوں کو درپیش سکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ایک جامع، قابلِ عمل اور دیرپا سکیورٹی حکمت عملی مرتب کی جائے تاکہ منصوبوں کی بروقت تکمیل اور سرمایہ کاروں کے اعتماد کو یقینی بنایا جا سکے۔صوبائی وزیر نے وسائل کی تلاش کے دوران جنگلات کی کٹائی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جنگلات کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ماحولیاتی تحفظ کو ہر منصوبے کا لازمی حصہ بنایا جائے اور جنگلات کی کٹائی کے بجائے متبادل طریقہ کار اور ماحول دوست اقدامات اختیار کیے جائیں تاکہ قدرتی وسائل کے ساتھ ساتھ ماحولیات کا تحفظ بھی یقینی بنایا جا سکے۔انہوں نے مزید ہدایت کی کہ ایل پی جی اور دیگر توانائی وسائل کی قیمتوں میں استحکام، عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف کی فراہمی اور مارکیٹ میں شفافیت برقرار رکھنے کے لیے متعلقہ اداروں کے ساتھ قریبی رابطہ رکھا جائے اور ضروری اقدامات کیے جائیں ۔ انہوں نے ہدایت کی کہ توانائی کے تمام ترقیاتی منصوبوں میں مقامی افراد کے لیے روزگار کے زیادہ سے زیادہ مواقع پیدا کیے جائیں تاکہ ترقی کے ثمرات براہِ راست عوام تک منتقل ہوں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ادارے کی بہتری کے لیے ہر مرحلے پر مضبوط، جرات مندانہ اور بروقت فیصلے کیے جائیں اور درپیش مسائل کے حل کے لیے روایتی طریقہ کار کے ساتھ ساتھ جدید، متبادل اور مؤثر حکمت عملی بھی اختیار کی جائے تاکہ توانائی کے شعبے کو مزید مستحکم، فعال اور عوام دوست بنایا جا سکے۔اجلاس کے اختتام پر اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ KPOGCL کو جدید خطوط پر استوار کرتے ہوئے توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری، ریونیو جنریشن، قدرتی وسائل کے پائیدار استعمال، ماحولیاتی تحفظ، عوامی فلاح اور صوبے کی معاشی خوشحالی کے لیے تمام دستیاب وسائل اور صلاحیتوں کو بروئے کار لایا جائے گا۔








