وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے بہبود آبادی طفیل انجم نے کہا ہے کہ بڑھتی ہوئی آبادی باعث تشویش ہے ،اس لئے آبادی اور وسائل میں توازن قائم کرنے کے لئے ہم سب کو اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے ادا کرنی ہوں گی، تب ہی ہمارا صوبہ اور معاشرہ ترقی سے ہمکنار ہو سکتے ہیں
آبادی اور وسائل میں توازن قائم کرنے کیلئے ہم سب کو اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے ادا کرنی ہونگی،معاون خصوصی برائے بہبود آبادی

مزید خبریں
پشاور۔ 14 جولائی (اے پی پی):وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے بہبود آبادی طفیل انجم نے کہا ہے کہ بڑھتی ہوئی آبادی باعث تشویش ہے ،اس لئے آبادی اور وسائل میں توازن قائم کرنے کے لئے ہم سب کو اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے ادا کرنی ہوں گی، تب ہی ہمارا صوبہ اور معاشرہ ترقی سے ہمکنار ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ خیبر پختو نخوا محمد سہیل آفریدی کی قیادت میں صوبائی حکومت نوجوانوں کی فلاح وبہبود اور خوشحال معاشرے کے لئے بھر پور اقدامات اٹھا رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کے روز پشاور میں عالمی یوم آبادی کے حوالے سے منعقدہ ایک روزہ سیمینار سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر سیکر ٹری بہبود آبادی انیلہ محفوظ درانی،ڈائریکٹر جنرل بہبود آبادی عبداللہ،پروفیسر ڈاکٹر عبدالرحمان خلیل،پروفیسر ڈاکٹر انور عالم، اقوام متحدہ کے ادارہ برائے آبادی کی نمائندہ سربراہ اور دیگر نے بھی خطاب کیا جبکہ سیمینار میں علمائے کرام، ماہرینِ تعلیم، سول سوسائٹی، صحت کے شعبے سے وابستہ افراد اور میڈیا نمائندگان نے بھی شرکت کی۔
معاونِ خصوصی نے کہاکہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی قیادت میں صوبائی حکومت تعلیم، صحت، فنی تربیت اور آبادی میں منصوبہ بندی کے فروغ کے ذریعے پائیدار ترقی کے حصول کے لیے پرعزم ہے۔ آبادی کی فلاح صرف آبادی کے اعداد و شمار کا معاملہ نہیں بلکہ یہ معاشی ترقی، غربت میں کمی، خواتین کے بااختیار ہونے اور عوام کے معیارِ زندگی میں بہتری سے براہِ راست وابستہ ہے۔انہوں نے کہا کہ محکمہ بہبودِ آبادی صوبے بھر میں اپنے فیملی ویلفیئر سینٹرز، ری پروڈکٹو ہیلتھ سروس سینٹرز، موبائل سروس یونٹس اور کمیونٹی سطح پر آگاہی پروگراموں کے ذریعے خدمات عوام تک پہنچا رہا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ ڈیجیٹل مانیٹرنگ کے نظام کو مزید مؤثر بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خدمات کے معیار میں بہتری لائی جا رہی ہے اور محکمہ صحت کے ساتھ اشتراک کو مضبوط کیا جا رہا ہے تاکہ عوام کو بہتر اور مربوط سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
انہوں نے حکومت کے تمام اداروں، منتخب عوامی نمائندوں، ترقیاتی شراکت داروں، تعلیمی اداروں، طبی ماہرین، علمائے کرام، سول سوسائٹی، نجی شعبے اور میڈیا پر زور دیا کہ وہ صحت مند خاندانوں، بااختیار معاشرے اور متوازن آبادی کے فروغ کے لیے باہمی تعاون اور آگہی مہم کو مزید مضبوط بنائیں۔انہوں نے اقوام متحدہ کے ادارہ برائے آبادی اور دیگر ترقیاتی شراکت داروں کے مسلسل تعاون کو بھی سراہا۔








