ڈپٹی کمشنر اپر چترال کا اسسٹنٹ کمشنر کے ہمراہ ٹی ایم اے مستوج ٹرانسپورٹ اڈہ بونی کا اچانک دورہ

ڈپٹی کمشنر اپر چترال محمد عمران خان نے اسسٹنٹ کمشنر عدنان حیدر ملوکی کے ہمراہ ٹی ایم اے مستوج ٹرانسپورٹ اڈہ بونی کا اچانک دورہ کرکے انتظامات، سہولیات اور عوامی خدمات کا جائزہ لیا۔

پشاور۔ 14 جولائی (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر اپر چترال محمد عمران خان نے منگل کے روز اسسٹنٹ کمشنر ہیڈکوارٹر اپر چترال عدنان حیدر ملوکی کے ہمراہ ٹی ایم اے مستوج ٹرانسپورٹ اڈہ بونی کا اچانک دورہ کیا۔

ضلعی انتظامیہ چترال کے مطابق دورانِ معائنہ ڈپٹی کمشنر نے ٹرانسپورٹ اڈے پر عوام کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر مرد و خواتین کے لیے قائم انتظار گاہوں، ٹکٹ کاؤنٹرز، واش رومز، صفائی کی صورتحال، سیکیورٹی انتظامات اور دیگر بنیادی سہولیات کا معائنہ کیا گیا۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ مسافروں کو بہتر، محفوظ اور باوقار سفری سہولیات کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے۔معائنے کے دوران زائد کرایہ وصول کرنے سے متعلق موصول ہونے والی عوامی شکایات کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے ماروی ٹریولز کے ٹکٹ کاؤنٹر کو موقع پر ہی سیل کرکے ان کے خلاف بھاری جرمانہ بھی عائد کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ سرکاری مقررہ کرایوں کی خلاف ورزی، مسافروں کا استحصال اور ناجائز منافع خوری کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر اپر چترال نے اسسٹنٹ کمشنر ہیڈکوارٹر کو ہدایت جاری کی کہ ٹرانسپورٹ اڈوں کی باقاعدگی سے نگرانی کی جائے اور عوام کے ساتھ ناانصافی، زائد کرایہ وصول کرنییا دیگر غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز اور سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ عوام کے حقوق کے تحفظ اور سرکاری احکامات پر مؤثر عملدرآمد کو ہر قیمت پر یقینی بنائے گی۔