وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ حکومت آزاد، ذمہ دار اور مضبوط پرنٹ میڈیا پر یقین رکھتی ہے اور اخباری صنعت کو درپیش مسائل کے حل کے لیے تمام متعلقہ فریقین سے مشاورت کا عمل جاری رکھا جائے گا۔
حکومت آزاد، ذمہ دار اور مضبوط پرنٹ میڈیا پر یقین رکھتی ہے، وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ کی سی پی این ای کے وفد سے گفتگو

مزید خبریں
اسلام آباد۔14جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ حکومت آزاد، ذمہ دار اور مضبوط پرنٹ میڈیا پر یقین رکھتی ہے، اخباری صنعت کو درپیش مسائل کے حل کے لیے تمام متعلقہ فریقین کے ساتھ مشاورت کا عمل جاری رکھا جائے گا۔
یہ بات انہوں نے منگل کو یہاں ملاقات کے لئے آئے کونسل آف پاکستان نیوز پیپرز ایڈیٹرز (سی پی این ای) کے صدر کاظم خان کی قیادت میں وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ ملاقات میں اخباری صنعت کو درپیش مسائل، آڈٹ بیورو آف سرکولیشنز (اے بی سی) میں اصلاحات، نیوز ایجنسیوں کے بجٹ، میڈیا ہائوسز کے واجبات اور ڈمی اخبارات سمیت مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔ وفاقی وزیر اطلاعات اور سی پی این ای کے عہدیداران نے آڈٹ بیورو آف سرکولیشنز (اے پی سی) کے نظام میں اصلاحات کرنے پر اتفاق کیا۔ ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ اخباری صنعت کو درپیش مسائل کے حل کے لیے تمام متعلقہ فریقین کے ساتھ مشاورت کا عمل جاری رکھا جائے گا۔ عطاء اللہ تارڑنے کہا کہ اے بی سی کے نظام کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ، موثر اور شفاف بنانا وقت کی ضرورت ہے، آڈٹ بیورو آف سرکولیشنز میں ضروری اصلاحات، میڈیا ہائوسز کے واجبات کی ادائیگی اور نیوز ایجنسیوں سے متعلق امور کو ترجیحی بنیادوں پر آگے بڑھایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ صحافتی اداروں کو درپیش جائز مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔ اس موقع پر سی پی این ای کے وفد نے نئی پرنسپل انفارمیشن آفیسر رئیسہ عادل کو ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ان کی قیادت میں وزارت اطلاعات اور اخباری صنعت کے درمیان باہمی تعاون مزید مضبوط ہوگا۔ وفد نے سبکدوش ہونے والے پرنسپل انفارمیشن آفیسر مبشر حسن کی خدمات کو بھی سراہتے ہوئے ان کے لیے نیک تمنائوں کا اظہار کیا۔ ملاقات میں وفاقی سیکریٹری اطلاعات و نشریات اشفاق احمد خلیل بھی موجود تھے۔








