شہر میں صفائی کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنا اولین ترجیح ہے، ڈپٹی کمشنر راولپنڈی

ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کیپٹن (ر) ندیم ناصر نے کہا ہے کہ شہر اور دیہی علاقوں میں صفائی کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنا، مؤثر مانیٹرنگ، اچھی کارکردگی پر حوصلہ افزائی اور ناقص کارکردگی پر بلاامتیاز احتساب اولین ترجیح ہے۔

راولپنڈی۔ 14 جولائی (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کیپٹن (ر) ندیم ناصر نے کہا ہے کہ شہر میں صفائی کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنا ہماری اولین ترجیح ہے، مانیٹرنگ کو مزید مؤثر بنایا جائے، اچھی کارکردگی پر انعام اور ناقص کارکردگی پر بلاامتیاز احتساب یقینی بنایا جائے،دیہی علاقوں میں صفائی کا معیار مزید بہتر بنایا جائے۔

ان خیالات کا اظہارانہوں نے گزشتہ روز راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے ہیڈ آفس کے دورے کے موقع پر اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے ہیڈ آفس آمد پرایم ڈی ستھرا پنجاب ایجنسی راولپنڈی و چیف ایگزیکٹو آفیسر راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی رانا ساجد صفدر نے سینئر افسران کے ہمراہ ڈپٹی کمشنر کا استقبال کیا اور انہیں کمپنی کے صفائی آپریشن، فیلڈ مانیٹرنگ، فلیٹ مینجمنٹ، آگاہی مہمات، ڈیجیٹل نظام اور دیگر انتظامی امور پر تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ راولپنڈی میں تقریبا ً3772سے زائد ورکرز دو شفٹوں میں شہر کی صفائی یقینی بنا رہے ہیں،روزانہ ایک ہزار ٹن کوڑا شہر سے اٹھایا جاتا ہے،شہر سے کوڑے کی منتقلی کیلئے376سے زائد گاڑیوں کا فلیٹ صفائی کا یہ آپریشن سرانجام دیتا ہے۔ بعد ازاں ڈپٹی کمشنر نے کمپنی کے کنٹرول روم کا دورہ کیا جہاں انہیں شہر بھر میں جاری صفائی آپریشن کی ڈیجیٹل مانیٹرنگ، ورکرز کی ٹریکنگ، حاضری کے نظام، فلیٹ مانیٹرنگ اور دیگر اہم امور سے آگاہ کیا گیا۔ ڈی سی نے ہدایت کی کہ صفائی آپریشن کی مانیٹرنگ کو مزید سخت اور مؤثر بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ سینیٹیشن ورکرز کی مؤثر ٹریکنگ کے لیے میکانزم متعارف کرایا جائے، شہر میں موجود کوڑے کے ڈھیروں کا جامع سروے، تمام ویسٹ کنٹینرز کا مکمل اور اپ ڈیٹ ڈیٹا مرتب کرکے پیش کیا جائے جبکہ ہیپ اور کنٹینرز سروے کی تکمیل کے بعد متعلقہ سرٹیفکیشن بھی حاصل کی جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ فرائض میں غفلت یا ناقص کارکردگی پر مؤثر احتساب کیا جائے اور بالخصوص دیہی علاقوں میں صفائی کے معیار کو مزید بہتر بنانے کے لیے خصوصی اقدامات کیے جائیں۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی تجربہ کار سٹاف کے باعث بہترین کام کررہی ہے، ملازمین کی تنخواہوں کی بروقت اور شفاف ادائیگی کو یقینی بناناادارے کی بہترین انتظامی کارکردگی کا مظہر ہے۔ سی ای او رانا ساجد صفدر نے ڈپٹی کمشنر کو یقین دلایا کہ ان کی تمام ہدایات پر مقررہ مدت کے اندر عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا اور جدید ٹیکنالوجی، مؤثر مانیٹرنگ اور شفاف نظام کے ذریعے راولپنڈی کو مزید صاف، سرسبز اور مثالی شہر بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

مزید خبریں