سیالکوٹ ائیرپورٹ کو مون سون سے محفوظ بنانے کیلئے چاروں اطراف ڈرین نالے بنائے گئے ہیں ،عبدالغفور ملک

چیئرمین سیالکوٹ انٹرنیشنل ائیرپورٹ عبدالغفور ملک نے کہا ہے کہ مون سون بارشوں سے تحفظ کے لیے ائیرپورٹ کے چاروں اطراف ڈرین نالے تعمیر کیے گئے ہیں تاکہ پانی کا بروقت اخراج یقینی بنایا جا سکے، جبکہ ائیرپورٹ کی بدولت علاقے میں ترقیاتی منصوبوں کو بھی فروغ ملا ہے۔

سیالکوٹ۔ 14 جولائی (اے پی پی):چیئرمین سیالکوٹ انٹرنیشنل ائیرپورٹ عبدالغفور ملک نے کہا ہے کہ سیالکوٹ ائیرپورٹ کو مون سون سے محفوظ بنانے کیلئے چاروں اطراف ڈرین نالے بنائے گئے ہیں ، امید ہے ڈرینز کی مدد سے پانی کا جلد از جلد اخراج ہوسکے گا، سیالکوٹ ائیرپورٹ کی وجہ سے پورے علاقے نے ترقی کی ہے اور اس وقت رنگ روڈ جیسے منصوبے بھی جاری ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ریجنل ڈائریکٹر علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی ، سیالکوٹ کے ایکسپورٹر محمد صغیر ، جنگ نیوز کے رپورٹر جنید آفتاب اور احمد جنید موجود تھے۔ چیئرمین سیالکوٹ انٹرنیشنل ائیرپورٹ کو نیا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی گئی اور پھولوں کے گلدستے پیش کیے گئے ۔ اس موقع پر انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ گزشتہ سال بارشیں زیادہ ہونے کی وجہ سے آپریشن بند کرنا پڑا تھا ، اس سال ہم نے ائیرپورٹ کے چاروں اطراف ڈرین نالے بنا دیے ہیں جن کی مدد سے پانی کا اخراج مزید بہتر ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ سیالکوٹ ائیرپورٹ بڑی تیزی سے ترقی کررہا ہے اور مجھے خوشی ہے کہ مجھے اس عہدے پر فائز کیا گیا ہے ۔ انہوں نے اپنی ذمہ داری پوری ایمانداری اور لگن سے پوری کرنے کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب گورنمنٹ نے سیالکوٹ شہر کیلئے کئی منصوبے شروع کررکھے ہیں جن میں موٹروے اور رنگ روڈ شامل ہیں ،ان منصوبوں کی بدولت سیالکوٹ مزید ترقی کرے گا اور لوگوں کو بہتر سفری سہولیات فراہم ہوں گی۔

مزید خبریں