کمشنر بہاولپور ڈویژن عرفان علی کاٹھیا نے ملت کالونی، ون یونٹ اسٹاف کالونی کے قریب زیرِ تعمیر پیرا سٹی بہاولپور انفورسمنٹ اسٹیشن کا دورہ کیا اور منصوبے پر جاری تعمیراتی سرگرمیوں کا تفصیلی جائزہ لیا
حکومتِ پنجاب عوامی فلاح کے منصوبوں کی بروقت تکمیل کو اولین ترجیح دے رہی ہے، کمشنر بہاولپور

مزید خبریں
بہاولپور ۔ 14 جولائی (اے پی پی):کمشنر بہاولپور ڈویژن عرفان علی کاٹھیا نے ملت کالونی، ون یونٹ اسٹاف کالونی کے قریب زیرِ تعمیر پیرا سٹی بہاولپور انفورسمنٹ اسٹیشن کا دورہ کیا اور منصوبے پر جاری تعمیراتی سرگرمیوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر متعلقہ افسران نے انہیں منصوبے کی پیش رفت، تعمیراتی معیار اور مختلف مراحل پر ہونے والے کام سے متعلق بریفنگ دی۔ ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ کی جانب سے بریفنگ میں بتایا گیا کہ حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق جدید سہولیات سے آراستہ پیرا سٹی بہاولپور انفورسمنٹ اسٹیشن تعمیر کیا جا رہا ہے، جس کا مقصد انفورسمنٹ نظام کو مزید مؤثر، منظم اور جدید خطوط پر استوار کرنا ہے۔ منصوبے میں گراؤنڈ فلور، فرسٹ فلور، گارڈ روم، مضبوط باؤنڈری وال، مرکزی گیٹ، پارکنگ شیڈ اور دیگر ضروری انتظامی و دفتری سہولیات شامل کی جا رہی ہیں تاکہ عملے کو بہتر ماحول اور عوام کو معیاری خدمات فراہم کی جا سکیں۔بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ منصوبے کی باؤنڈری وال کی تعمیر مکمل ہو چکی ہے جبکہ مرکزی عمارت کی فاؤنڈیشن کا کام بھی کامیابی سے مکمل کر لیا گیا ہے۔
مزید بتایا گیا کہ پلنتھ بیم سے اوپر اینٹوں کی چنائی کا کام تیزی سے جاری ہے اور منصوبے کو مقررہ ٹائم لائن کے مطابق مکمل کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔کمشنر بہاولپور ڈویژن عرفان علی کاٹھیا نے تعمیراتی کام کے معیار، رفتار اور شفافیت پر خصوصی زور دیتے ہوئے متعلقہ افسران اور تعمیراتی ادارے کو ہدایت کی کہ منصوبے کو مقررہ مدت کے اندر اعلیٰ معیار کے مطابق مکمل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب عوامی فلاح کے منصوبوں کی بروقت تکمیل کو اولین ترجیح دے رہی ہے، اس لیے تعمیراتی معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ سرکاری ترقیاتی منصوبوں میں عوامی وسائل کا مؤثر، شفاف اور ذمہ دارانہ استعمال ہر صورت یقینی بنایا جائے اور تمام تعمیراتی سرگرمیوں کی روزانہ کی بنیاد پر مانیٹرنگ کی جائے تاکہ کسی بھی قسم کی تاخیر یا خامی کی فوری نشاندہی کرکے اس کا بروقت ازالہ ممکن بنایا جا سکے۔ عرفان علی کاٹھیا نے اس امید کا اظہار کیا کہ پیرا سٹی بہاولپور انفورسمنٹ اسٹیشن کی جلد تکمیل سے ادارے کی استعداد کار میں نمایاں اضافہ ہوگا، انفورسمنٹ نظام مزید مؤثر انداز میں کام کرے گا اور عوام کو بہتر، تیز رفتار اور معیاری سرکاری خدمات کی فراہمی میں یہ منصوبہ اہم کردار ادا کرے گا۔







