اکبر ایس بابر کا پی ٹی آئی کے نظریاتی اور دیرینہ کارکنوں سے رابطہ مہم شروع کرنے کا اعلان

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی رہنما اکبر ایس بابر نے پارٹی کے نظریاتی اور دیرینہ کارکنوں سے رابطہ مہم شروع کرنے کا اعلان کرتے ہوئے تنظیمی سطح پر کارکنوں کو متحرک کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔

اسلام آباد۔14جولائی (اے پی پی):پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی رہنما اکبر ایس بابر نے پارٹی کے نظریاتی اور دیرینہ کارکنوں سے رابطہ مہم شروع کرنے کا اعلان کر دیا۔

منگل کو اپنے ایک بیان میں اکبر ایس بابر نے کہا کہ مہم کا مقصد پی ٹی آئی کو اس کے بنیادی اصولوں پر دوبارہ منظم کرنا ہے۔ ان کے مطابق شفاف انٹرا پارٹی انتخابات، خود احتسابی اور پارٹی کی قانونی حیثیت کی بحالی اس مہم کے بنیادی اہداف ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کو عوامی پذیرائی اس کے مخلص کارکنوں کی برسوں کی محنت، قربانیوں اور جدوجہد کے باعث ملی تاہم آج بہت سے دیرینہ کارکن مایوسی کا شکار ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جو جماعت سیاسی قبضہ مافیا سے نجات کے لیے قائم ہوئی تھی، وہ خود اسی مافیا کے اثر و رسوخ میں آ چکی ہے۔ اکبر ایس بابر نے کہا کہ پارٹی کے دیرینہ کارکن ان سے رابطے میں ہیں اور سب مل کر پی ٹی آئی کو اس کی اصل جمہوری اقدار اور بنیادی نظریے کے مطابق دوبارہ منظم کرنا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی ان کارکنوں کی امانت ہے جنہوں نے اپنی زندگی کے بہترین سال پارٹی کے لیے وقف کیے اور اسے ایک جمہوری اور شفاف جماعت بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ مشکل حالات میں پارٹی کے ساتھ کھڑے رہنے والے نظریاتی کارکنوں سے رابطہ مہم کا باقاعدہ آغاز جلد کیا جائے گا۔

مزید خبریں