آزاد جموں و کشمیرکے امن و امان کو تباہ کرنے والےعناصر کے خلاف قانونی گھیرا تنگ، چھاپے اور گرفتاریوں کا عمل جاری

آزاد جموں و کشمیر میں امن و امان کو خراب کرنے اور افراتفری پھیلانے والے عناصر کے خلاف قانونی کارروائیاں تیز کر دی گئی ہیں، جبکہ امن و استحکام برقرار رکھنے کے لیے ریاستی ادارے متحرک ہیں۔

اسلام آباد۔14جولائی (اے پی پی):آزاد جموں و کشمیرکے امن و امان کو تباہ کرنے اور افراتفری پھیلانے والےعناصر کے خلاف قانونی گھیرا تنگ کر دیا گیا ہے۔

آزاد کشمیرحکومت نے کالعدم ایکشن کمیٹی کی قانون شکنی کرنے والے انتشاری عناصرکے خلاف زیروٹالرنس کا اعلان کیا ہے۔انتشاری کمیٹی کے سابقہ مقدمات کی واپسی کا نوٹیفکیشن منسوخ کر دیا گیا جبکہ میرپور پولیس نے دوبارہ قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا۔سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے، توڑ پھوڑ، جلاؤ گھیراؤ اور اہلکاروں پر حملوں سے متعلق مقدمات کو دوبارہ فعال کیاگیا ہے۔میر پور آزاد جموں و کشمیر پولیس کے مطابق مقدمات کی واپسی کا نوٹیفکیشن منسوخ ہونے کے بعد نامزد ملزمان کی گرفتاریوں کا عمل جاری ہے ۔تھانہ ڈڈیال 2024 میں اسسٹنٹ کمشنر اور پولیس اہلکاروں پرحملے کے مقدمے کو بھی دوبارہ کھول دیا گیا ہے،مقدمات میں نامزد متعدد افراد کو گرفتار کر کے تفتیش آگے بڑھائی جا رہی ہے،سرغنہ مہران کے قریبی ساتھی ظہیر سمیت 6 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا،مزید گرفتاریوں کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ماہرین کے مطابق املاک کو نقصان پہنچانے، اشتعال انگیزی اور امن و امان تباہ کرنے کی کسی بھی کوشش کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے۔تمام شرپسندعناصر کے خلاف قانون کے مطابق بلاامتیاز کارروائی جاری رہنی چاہئے اور انہیں کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔