سیکرٹری صحت پنجاب عظمت محمود کا نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی سرگودھا کا دورہ

سیکرٹری صحت پنجاب عظمت محمود نے نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی سرگودھا کا دورہ کیا۔

لاہور۔14جولائی (اے پی پی):سیکرٹری صحت پنجاب عظمت محمود نے نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی سرگودھا کا دورہ کیا۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر گورنمنٹ نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میجر جنرل خرم شہزاد، ڈائریکٹر ہسپتال بریگیڈیئر آصف چیمہ اور آئی ڈیپ کے متعلقہ افسران نے سیکرٹری صحت کو ہسپتال میں جاری تعمیراتی کاموں، طبی سہولیات اور آپریشنل تیاریوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ ہسپتال کے تمام شعبہ جات مکمل ہو چکے ہیں جبکہ جدید طبی آلات کی تنصیب کا عمل تیزی سے جاری ہے۔کیتھ لیبز مکمل فعال ہیں، چار آپریشن تھیٹرز مکمل کئے جا چکے ہیں، جدید پیتھالوجی لیبارٹری تیار ہے، گاما کیمرہ نصب کر دیا گیا ہے جبکہ ای ٹی ڈی کی تنصیب بھی مکمل کر لی گئی ہے۔

مزید بتایا گیا کہ ہسپتال کے او پی ڈی میں روزانہ ڈیڑھ سو سے زائد مریضوں کا معائنہ کیا جا رہا ہے جبکہ ڈاکٹروں، نرسوں اور دیگر طبی عملے کی بھرتی کا عمل بھی جاری ہے۔ سیکرٹری صحت نے ہسپتال کے مختلف شعبوں کا تفصیلی معائنہ کر کے تعمیراتی معیار، طبی سہولیات اور جاری پیش رفت کا جائزہ لیا اور منصوبے پر ہونے والی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔انہوں نے کہاکہ صوبے میں جدید طبی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی سرگودھا جدید ترین طبی آلات اور اعلی معیار کی سہولیات سے آراستہ ایک سٹیٹ آف دی آرٹ ادارہ ہوگا۔ اس ادارے میں نہ صرف سرگودھا بلکہ خوشاب، میانوالی، بھکر اور گردونواح کے اضلاع کے شہریوں کو دل کے امراض کے علاج کی معیاری سہولیات اپنے علاقے میں میسر آئیں گی۔