صوبے کے اپنے ذرائع سے حاصل ہونے والی آمدن 150 ارب روپے سے تجاوز کر گئی ،مشیر خزانہ

مشیر خزانہ خیبرپختونخوا مزمل اسلم نے کہا ہے کہ صوبے نے اپنے ذرائع سے 150 ارب روپے سے زائد آمدن حاصل کرکے تاریخی کامیابی حاصل کی ہے، جو مالیاتی نظم و ضبط، شفافیت اور مؤثر طرزِ حکمرانی کا مظہر ہے۔

پشاور۔ 14 جولائی (اے پی پی):مشیر خزانہ خیبرپختونخوا مزمل اسلم نے محکمہ خزانہ خیبرپختونخوا کی جانب سے صوبے کے اپنے ذرائع سے 150 ارب روپے سے زائد آمدن حاصل کرنے کو ایک تاریخی کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ صوبائی حکومت کے مالیاتی نظم و ضبط، شفافیت اور مؤثر طرزِ حکمرانی کا واضح ثبوت ہے۔

یہاں پشاورسے جاری ایک بیان میں مشیر خزانہ مزمل اسلم نے کہا کہ صوبے کی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے کہ اپنے ذرائع سے حاصل ہونے والی آمدن 150 ارب روپے کی حد عبور کر گئی ہے، جو سالانہ ہدف 129 ارب روپے سے بھی کہیں زیادہ ہے۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ مالی سال کے دوران صوبے نے 92.701 ارب روپے کی آمدن حاصل کی تھی جبکہ رواں مالی سال میں یہ کارکردگی گزشتہ سال کے مقابلے میں 60 فیصد سے زائد اضافہ ظاہر کرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ آمدن میں یہ نمایاں اضافہ حکومت کی ان اصلاحات کا نتیجہ ہے جن کے ذریعے محصولات کے دائرہ کار کو وسعت دی گئی، ٹیکس انتظامیہ کو مضبوط بنایا گیا، قوانین پر عملدرآمد کو بہتر کیا گیا اور مالیاتی نظم و نسق کو مزید مؤثر بنایا گیا۔مزمل اسلم نے اس بات پر زور دیا کہ صوبائی آمدن میں اضافے سے حکومت کو عوامی فلاح و بہبود، بنیادی ڈھانچے، تعلیم، صحت اور سماجی تحفظ کے منصوبوں پر مزید سرمایہ کاری کرنے کا موقع ملے گا جبکہ شہریوں پر غیر ضروری مالی بوجھ بھی نہیں ڈالا جائے گا۔انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ صوبائی حکومت شفافیت، مالیاتی ذمہ داری اور پائیدار معاشی ترقی کے فروغ کے لیے اصلاحات کا سلسلہ جاری رکھے گی تاکہ عوام سے وصول کیا جانے والا ہر روپیہ خیبر پختو نخوا کے عوام کی فلاح و بہبود پر خرچ کیا جاسکے۔