عوامی شکایات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے،سیکرٹری محکمہ ایکسائز خیبرپختونخوا

سیکرٹری محکمہ ایکسائز، ٹیکسیشن و نارکوٹکس کنٹرول خیبر پختونخوا خالد الیاس کی زیرِ صدارت عوامی شکایات اور مسائل کے فوری ازالے کے لیے منگل کے روز ای کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا ۔محکمہ ایکسائز کے ریگولیشن، ٹیکسیشن اور نارکوٹکس کنٹرول سے متعلق شعبوں کے افسران بھی موجود تھے

پشاور۔ 14 جولائی (اے پی پی):سیکرٹری محکمہ ایکسائز، ٹیکسیشن و نارکوٹکس کنٹرول خیبر پختونخوا خالد الیاس کی زیرِ صدارت عوامی شکایات اور مسائل کے فوری ازالے کے لیے منگل کے روز ای کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا ۔محکمہ ایکسائز کے ریگولیشن، ٹیکسیشن اور نارکوٹکس کنٹرول سے متعلق شعبوں کے افسران بھی موجود تھے۔اس موقع پر شہریوں نے محکمہ ایکسائز کے سرکاری فیس بک پیج اور براہِ راست ٹیلی فون کالز کے ذریعے گاڑیوں کی رجسٹریشن، ٹوکن ٹیکس، نارکوٹکس کنٹرول، محکمانہ بھرتیوں اور دیگر امور سے متعلق اپنی شکایات، سوالات اور تجاویز پیش کیں۔سیکرٹری ایکسائز خالد الیاس اور متعلقہ افسران نے شہریوں کے سوالات کے موقع پر جوابات دئیے جبکہ موصول ہونے والی شکایات کے فوری اور قواعد کے مطابق حل کے لیے متعلقہ حکام کو ضروری ہدایات جاری کی گئیں ۔

سیکرٹری ایکسائز نے افسران کو ہدایت کی کہ عوامی شکایات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے اور شہریوں کو محکمانہ خدمات کی فراہمی میں ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے۔انہوں نے کہا کہ ای کھلی کچہری کے انعقاد کا مقصد عوام اور محکمہ ایکسائز کے درمیان براہِ راست رابطے کو فروغ دینا، شہریوں کے مسائل سے آگاہی حاصل کرنا اور ان کے فوری حل کو یقینی بنانا ہے۔محکمہ ایکسائز، ٹیکسیشن و نارکوٹکس کنٹرول خیبر پختونخوا کے حکام نے عوامی شکایات کے بروقت ازالے، شفافیت اور خدمات کی مؤثر فراہمی کے عزم کا اعادہ کیا۔