بلاول بھٹو زرداری آزاد جموں و کشمیر کے تین روزہ دورے پر مظفرآباد پہنچ گئے

چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری تین روزہ دورے پر آزاد جموں و کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد پہنچ گئے، جہاں وہ مختلف سیاسی و عوامی سرگرمیوں میں شرکت کریں گے۔

مظفرآباد۔14جولائی (اے پی پی):چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری آزاد جموں و کشمیر کے تین روزہ دورے پر مظفرآباد پہنچ گئے۔

منگل کو پی پی پی میڈیا سیل سے جاری بیان کے مطابق بلاول بھٹو زرداری کے ہمراہ سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف ، صدر پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر چوہدری محمد یاسین،سینئر رہنما پیپلز پارٹی چوہدری محمد ریاض ،ڈی جی پولیٹیکل افیئرز عامر ذیشان جرال بھی تھے۔اس سے پہلے جب بلاول بھٹو زرداری کوہالہ پل سے مظفرآباد کی حدود میں داخل ہوئے تو قائم مقام صدر آزاد کشمیر و سپیکر قانون ساز اسمبلی چوہدری لطیف اکبر ، میاں عبدالوحید ، سید بازل علی نقوی ، سردار جاوید ایوب، مختار عباسی، دیوان چغتائی، اشفاق ظفر، مبشر منیر اعوان سمیت دیگر ٹکٹ ہولڈرز ،پارٹی رہنمائوں و کارکنوں کی بڑی تعداد نے چیئرمین کا والہانہ اور پرتپاک استقبال کیا ۔چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو سینکڑوں گاڑیوں کے جلوس میں دارالحکومت پہنچایا گیا ۔اس موقع پر سکیورٹی کے بھی سخت انتظامات کئے گئے تھے ۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اپنے دورہ مظفرآباد کے دوران پونچھ ڈویژن اور مظفرآباد ڈویژن کے امیدواروں اور رہنمائوں سے ملاقاتیں کریں گے اور آئندہ انتخابی حکمت عملی پر مشاورت بھی کریں گے۔پیپلز پارٹی آزادجموں و کشمیر کے صدر چوہدری محمد یسین آج رات چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے اعزاز میں عشائیہ دیں گے جس میں مظفرآباد اور پونچھ ڈویژن کے پیپلز پارٹی کے تمام امیدوار اور صدور کے علاوہ مظفرآباد ،نیلم اور جہلم ویلی اضلاع کے پارٹی صدور بھی شرکت کریں گے۔