نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے نیپال کے لیے پاکستان کے نامزد سفیر عامر خان نے ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات اور سفارتی امور سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار سےپاکستان کے نیپال کیلئے نامزد سفیر عامر خان کی ملاقات

مزید خبریں
اسلام آباد۔14جولائی (اے پی پی):نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار سےپاکستان کے نیپال کے لیے نامزد سفیر عامر خان نے منگل کے روز ملاقات کی۔
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے عامر خان کو ان کی تقرری پر مبارکباد دی اور پاکستان اور نیپال کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ تجارت، سیاحت، تعلیم اور عوامی روابط کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو فروغ دے کر دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید وسعت دی جا سکتی ہے۔دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق انہوں نے نامزد سفیر کو ہدایت کی کہ وہ نیپال کی قیادت اور کاروباری برادری کے ساتھ قریبی روابط استوار کرتے ہوئے اقتصادی تعاون کے نئے مواقع تلاش کریں۔نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے وزارت خارجہ میں ڈائریکٹر جنرل (امریکاز) کی حیثیت سے عامر خان کی خدمات کو بھی سراہا اور ان کی نئی ذمہ داریوں کے لیے نیک تمنائوں کا اظہار کیا۔







