"نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار 16 سے 17 جولائی تک چینی وزیر خارجہ وانگ ای کی دعوت پر شنگھائی کا دورہ کریں گے، جہاں دوطرفہ تعلقات، علاقائی تعاون اور باہمی دلچسپی کے امور پر بات چیت متوقع ہے۔”
نسٹ کے پلیسمنٹ آفس کے زیر اہتمام ’’نسٹ نوجوان طلبہ شمولیتی پروگرام 2026‘‘ اختتام پذیر

مزید خبریں
اسلام آباد۔15جولائی (اے پی پی):نیشنل یونیورسٹی آف سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی (نسٹ) کے پلیسمنٹ آفس کے زیر اہتمام ’’نسٹ نوجوان طلبہ شمولیتی پروگرام 2026‘‘ (این وائی ایس ای پی ۔2026) کامیابی سے اختتام پذیر ہوگیا۔
اس سلسلے میں نسٹ کے ایچ۔12 کیمپس میں اختتامی تقریب منعقد ہوئی۔ دو ہفتوں پر محیط پروگرام کے دوران طلبہ کو یونیورسٹی کے مختلف تعلیمی شعبوں سے عملی طور پر آگاہی فراہم کی گئی۔ شرکاء نے سکول آف نیچرل سائنسز، سکول آف مکینیکل اینڈ مینوفیکچرنگ انجینئرنگ، سکول آف کیمیکل اینڈ میٹریل انجینئرنگ، نسٹ بزنس سکول اور سکول آف الیکٹریکل انجینئرنگ اینڈ کمپیوٹر سائنسز کے مختلف شعبوں کا دورہ کیا جہاں انہیں تدریسی، تحقیقی اور عملی سرگرمیوں سے روشناس کرایا گیا۔پروگرام کی نمایاں خصوصیت ’’نیسپ ہیکاتھون‘‘ کا آغاز تھا جسے ایڈونچرز سٹوڈیو کے اشتراک سے منعقد کیا گیا۔ اس سرگرمی کا مقصد نوجوان طلبہ میں جدت، کاروباری سوچ، تخلیقی صلاحیتوں اور مسائل کے حل کی مہارت کو فروغ دینا تھا۔ اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ ’’نسٹ نوجوان طلبہ شمولیتی پروگرام‘‘ کے ذریعے نوجوانوں کو اپنی صلاحیتوں کو دریافت کرنے، جامعاتی ماحول سے آگاہی حاصل کرنے، علمی و صنعتی شعبوں سے رابطہ استوار کرنے اور مستقبل کے قائدانہ کردار کے لئے درکار اعتماد، تجسس اور مہارتیں حاصل کرنے کے مواقع فراہم کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نسٹ مستقبل میں بھی ایسے پروگراموں کا انعقاد جاری رکھے گا تاکہ نوجوان نسل کو معیاری تعلیم، تحقیق، اختراع اور قومی ترقی میں مؤثر کردار ادا کرنے کے لئے تیار کیا جا سکے۔








