چین کا کولمبیا میں امن عمل کی مسلسل پیش رفت کے لیے مضبوط سیاسی عزم پر زور

چین نے کولمبیا میں حکومت کی پرامن منتقلی کی امید ظاہر کرتے ہوئے تمام متعلقہ فریقوں پر زور دیا ہے کہ وہ امن عمل کو مستقل اور مؤثر انداز میں آگے بڑھانے کے لیے مضبوط سیاسی عزم اور عملی اقدامات کا مظاہرہ کریں۔

اقوام متحدہ ۔16جولائی (اے پی پی):چین نے کولمبیا میں حکومت کی پرامن منتقلی کی امید ظاہر کرتے ہوئے تمام متعلقہ فریقوں پر زور دیا ہے کہ وہ امن عمل کو مستقل اور مؤثر انداز میں آگے بڑھانے کے لیے مضبوط سیاسی عزم اور عملی اقدامات کا مظاہرہ کریں۔

شنہوا کے مطابق اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں کولمبیا سے متعلق کھلے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اقوام متحدہ میں چین کے مستقل مشن کے ناظم الامور سن لی نے کولمبیا میں صدارتی انتخابات کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ یہ انتخابات کولمبیا کے امن معاہدے پر دستخط کی دسویں سالگرہ کے موقع پر منعقد ہوئے، جو ملک میں دیرپا امن کے قیام کے لیے ایک مؤثر بنیاد فراہم کرتا ہے۔سن لی نے کہا کہ چین نئی کولمبیائی حکومت کی جانب سے امن معاہدے پر عمل درآمد کو پالیسی ترجیح بنانے کی حمایت کرتا ہے۔ ان کے مطابق حکومت کو وسائل میں اضافہ، اداروں کے درمیان بہتر ہم آہنگی اور جامع دیہی اصلاحات، اسلحے کے خاتمے، سابق جنگجوؤں کی بحالی اور معاشرے میں دوبارہ شمولیت جیسے شعبوں میں مزید پیش رفت کو یقینی بنانا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ سابق جنگجو اور مقامی برادریاں اب بھی تشدد کے خطرات سے دوچار ہیں، اس لیے حکومت کو دور دراز اور تنازعات سے متاثرہ علاقوں میں ریاستی عملداری مضبوط بنانے، پرتشدد سرگرمیوں کی مؤثر روک تھام اور سابق جنگجوؤں، نسلی اقلیتوں، خواتین اور بچوں سمیت کمزور طبقات کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے مزید اقدامات کرنے چاہییں۔چینی سفارتکار نے مسلح گروہوں کے ساتھ مذاکرات جاری رکھنے اور امن بات چیت کو آگے بڑھانے کی بھی حمایت کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ ناکافی ترقی تنازعات کی ایک بڑی وجہ ہے، تاہم کولمبیا کی جانب سے اراضی کی قانونی رجسٹریشن اور دیہی غربت میں کمی کے شعبوں میں ہونے والی پیش رفت حوصلہ افزا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ نئی حکومت دیہی ترقی، بنیادی ڈھانچے، اراضی کی تقسیم، تعلیم اور روزگار کے مواقع میں مزید سرمایہ کاری کرے گی تاکہ نچلی سطح پر عوام کو اس کے ثمرات حاصل ہوں۔

سن لی نے اس بات پر زور دیا کہ کولمبیا کے امن عمل کی کامیابی کے لیے عالمی برادری کی مسلسل توجہ اور تعاون ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی برادری کو کولمبیا کی خودمختاری اور اس کے امن عمل کی قومی قیادت کا احترام کرتے ہوئے ملک کی ضروریات اور ترجیحات کے مطابق تعمیری تعاون فراہم کرنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ چین کولمبیا کی قیادت میں جاری امن عمل کو آگے بڑھانے اور ملک میں جامع امن، استحکام اور ترقی کے فروغ کے لیے تعاون جاری رکھنے کے لیے تیار ہے۔