پاکستان ہاکی فیڈریشن نے قومی سینئر ہاکی ٹیم کے ورلڈ کپ ٹریننگ کیمپ کے لیے مجوزہ سلیکشن معیار کو حتمی شکل دے دی ہے، جس کا مقصد میرٹ، شفافیت اور عالمی معیار کے مطابق کھلاڑیوں کا انتخاب یقینی بنانا ہے۔
قومی سینئر ہاکی ٹیم کے ورلڈ کپ ٹریننگ کیمپ کیلئے مجوزہ سلیکشن معیار کو حتمی شکل دے دی گئی،ترجمان

مزید خبریں
لاہور۔16جولائی (اے پی پی):پاکستان ہاکی فیڈریشن نے قومی سینئر ہاکی ٹیم کے ورلڈ کپ ٹریننگ کیمپ کے لیے مجوزہ سلیکشن معیار کو حتمی شکل دے دی ہے، جس کا مقصد میرٹ، شفافیت اور عالمی معیار کے مطابق کھلاڑیوں کا انتخاب یقینی بنانا ہے۔
پی ایچ ایف کے مطابق قومی ٹیم کے امیدوار کھلاڑیوں کا جائزہ پانچ اہم شعبوں کی بنیاد پر لیا جائے گا، جن میں ٹیکٹیکل سمجھ بوجھ، تکنیکی مہارت، جسمانی کارکردگی، ذہنی مضبوطی اور رویہ شامل ہیں۔ترجمان پاکستان ہاکی فیڈریشن کے مطابق ٹرائلز اور ٹریننگ سیشنز کے دوران کوچنگ اسٹاف ہر کھلاڑی کی کارکردگی کو مذکورہ شعبوں میں ایک سے پانچ نمبروں کے پیمانے پر جانچے گا۔مجوزہ سلیکشن پالیسی کے تحت قومی ٹیم کے ورلڈ کپ ٹریننگ کیمپ میں شمولیت کے لیے کھلاڑی کو پانچ میں سے کم از کم تین شعبوں میں تین یا اس سے زائد اسکور حاصل کرنا لازمی ہوگا۔پی ایچ ایف ترجمان نے بتایا کہ یہ معیار پاکستان ہاکی فیڈریشن کے ساتھ کام کرنے والے بین الاقوامی کوچز نے عالمی بہترین طریقہ کار، مسلسل نگرانی اور کھلاڑیوں کی کارکردگی کے تفصیلی جائزے کی بنیاد پر تیار کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ سلیکشن کے عمل کو مزید شفاف اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ بنانے کے لیے جی پی ایس ٹریکنگ ڈیٹا اور ویڈیو اینالیٹکس سمیت ڈیجیٹل شواہد سے بھی مدد لی جائے گی۔مجوزہ سلیکشن معیار اور سفارشات کو حتمی منظوری کے لیے سلیکشن کمیٹی اور پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر کے سامنے پیش کیا جائے گا۔








