ریلوے پولیس کی فلاح و بہبودکو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا،وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی

وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان ریلوے کو میرٹ، شفافیت، جدید خطوط پر استوار کرنے اور سکیورٹی کے نظام کو مزید موثر بنانے کے لیے پرعزم ہے جبکہ پاکستان ریلوے پولیس قومی اثاثوں،ریلوے انفراسٹرکچر اور مسافروں کے تحفظ میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہے۔وہ جمعرات کو پاکستان ریلوے پولیس کے ریکروٹس کی پاسنگ آئوٹ پریڈ سے خطاب کر رہے تھے

لاہور۔16جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان ریلوے کو میرٹ، شفافیت، جدید خطوط پر استوار کرنے اور سکیورٹی کے نظام کو مزید موثر بنانے کے لیے پرعزم ہے جبکہ پاکستان ریلوے پولیس قومی اثاثوں،ریلوے انفراسٹرکچر اور مسافروں کے تحفظ میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہے۔وہ جمعرات کو پاکستان ریلوے پولیس کے ریکروٹس کی پاسنگ آئوٹ پریڈ سے خطاب کر رہے تھے۔وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے ملک کی مسلح افواج، قانون نافذ کرنے والے اداروں، شہدا اور غازیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قربانیوں کی بدولت ملک میں امن و استحکام قائم ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ریلوے محض ایک ٹرانسپورٹ ادارہ نہیں بلکہ قومی یکجہتی اور معاشی ترقی کی علامت ہے جو روزانہ لاکھوں مسافروں اور بڑی مقدار میں مال برداری کی خدمات انجام دے رہی ہے۔وفاقی وزیر حنیف عباسی نے انسپکٹر جنرل پاکستان ریلوے پولیس کی قیادت میں فورس کی پیشہ ورانہ کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ریلوے پولیس نے عوامی خدمت، مسافروں کی سہولت، ریلوے املاک کے تحفظ اور بغیر ٹکٹ سفر کی روک تھام کے حوالے سے نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ بھرتیوں کا عمل مکمل طور پر میرٹ پر انجام دیا گیا اور اس میں کسی قسم کی سیاسی سفارش یا دبائو کو برداشت نہیں کیا گیا۔انہوں نے پاس آئوٹ ہونے والے ریکروٹس اور ان کے والدین کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ نوجوان اہلکار اپنی پیشہ ورانہ زندگی میں دیانت داری، نظم و ضبط، انصاف اور عوامی خدمت کو شعار بنائیں، مسافروں سے خوش اخلاقی سے پیش آئیں، بلاامتیاز قانون پر عملدرآمد یقینی بنائیں اور اپنے فرائض پوری ذمہ داری سے ادا کریں۔وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت ریلوے ملازمین کے لیے تربیتی سہولیات، انتظامی ڈھانچے اور رہائشی کالونیوں کی بہتری پر کام کر رہی ہے۔انہوں نے یقین دلایا کہ ریلوے پولیس کی تربیت اور فلاح و بہبود سے متعلق تمام جائز مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا کیونکہ مسافروں اور ریلوے اثاثوں کے تحفظ میں اس فورس کا کردار ناگزیر ہے۔انہوں نے دہشت گردی کیخلاف جنگ میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہدا کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ریلوے پولیس سمیت سکیورٹی اداروں کے ہزاروں اہلکاروں نے وطن کے امن کے لیے قربانیاں دیں۔ انہوں نے بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں دہشت گردی کے حالیہ واقعات کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور قومی اتحاد کے فروغ کے لیے اپنے عزم پر قائم ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان ریلوے نے گزشتہ مالی سال کے دوران115 ارب روپے کی ریکارڈ آمدن حاصل کی،جو اس سے قبل 88 ارب روپے تھی۔انہوں نے کہا کہ ریلوے کے انفراسٹرکچر کو جدید بنانے، آپریشنل خامیوں کو دور کرنے اور ادارے کو مزید موثر بنانے کے لیے اصلاحات کا عمل جاری ہے،جبکہ تمام فیصلوں میں میرٹ اور شفافیت کو بنیادی اصول بنایا جائے گا۔انہوں نے پاسنگ آئوٹ کرنے والے تمام ریکروٹس اور ان کے اہل خانہ کو مبارکباد دیتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ نئی تربیت یافتہ فورس پیشہ ورانہ صلاحیت، دیانت داری اور لگن کے ساتھ قوم کی خدمت کرتے ہوئے پاکستان کو مزید مضبوط اور محفوظ بنانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی۔