موثر اور عوام دوست نظام انصاف کے لیے ادارہ جاتی تعاون نا گزیر ہے، چیف جسٹس یحییٰ آفریدی

چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی نے موثر عدالتی انتظام، پیشہ ورانہ استعدادِ کار اور عوام کو بہتر عدالتی خدمات کی فراہمی کے لیے ادارہ جاتی تعاون اور بہترین طریقہ کار کے مسلسل تبادلے کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ عدلیہ کا جاری اصلاحاتی ایجنڈا عوام مرکز، ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ، شفاف اور موثر نظام انصاف کے قیام پر مرکوز ہے

اسلام آباد۔16جولائی (اے پی پی):چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی نے موثر عدالتی انتظام، پیشہ ورانہ استعدادِ کار اور عوام کو بہتر عدالتی خدمات کی فراہمی کے لیے ادارہ جاتی تعاون اور بہترین طریقہ کار کے مسلسل تبادلے کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ عدلیہ کا جاری اصلاحاتی ایجنڈا عوام مرکز، ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ، شفاف اور موثر نظام انصاف کے قیام پر مرکوز ہے۔سپریم کورٹ کے شعبہ تعلقات عامہ کے جاری اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے سپریم کورٹ آزاد جموں و کشمیر کے افسران کے وفد سے ملاقات کے دوران کیا جو ادارہ جاتی استعداد کار اور تجربات کے تبادلے کے پروگرام کے تحت سپریم کورٹ آف پاکستان کے دو روزہ دورے پر اسلام آباد آیا ہوا ہے۔چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے وفد کا خیرمقدم کیا اور عدالتی امور میں باہمی تعاون، پیشہ ورانہ مہارت میں اضافے اور جدید انتظامی طریقوں کے فروغ کی اہمیت پر زور دیا۔اس موقع پر وفد کو سپریم کورٹ آف پاکستان کے جاری اصلاحاتی ایجنڈے، انتظامی اور عدالتی امور پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ وفد کو ای فائلنگ، ویڈیو لنک کے ذریعے سماعت، ڈیجیٹل کیس مینجمنٹ سسٹم، نیشنل جوڈیشل اینالیٹکس ڈیش بورڈ، پبلک فیسیلیٹیشن سینٹر اور دیگر ٹیکنالوجی پر مبنی اصلاحات سے بھی آگاہ کیا گیا۔وفد نے سپریم کورٹ آف پاکستان کے پبلک فیسیلیٹیشن سینٹر، سپریم کورٹ میوزیم اور آئی ٹی ڈائریکٹوریٹ کا بھی دورہ کیا اور عدالتی اصلاحات و تکنیکی اقدامات کو سراہا۔وفد نے ڈیجیٹل نقول کے اجراء، کیس مینجمنٹ اور عدالتی ٹیکنالوجی کے دیگر شعبوں میں ادارہ جاتی تعاون کی پیشکش کی۔ملاقات کے اختتام پر دونوں اداروں نے باہمی تعاون، پیشہ ورانہ استعداد کار اور بہترین طریقہ کار کے مسلسل تبادلے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے موثر، قابل رسائی اور عوام دوست نظام انصاف کے فروغ کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

مزید خبریں