لاہور،پنجاب بھر میں رواں ماہ اوور سپیڈنگ میں 29 فیصد کمی

پنجاب بھر میں اوور سپیڈنگ کے خلاف کارروائیوں کے نتیجے میں رواں ماہ 29 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

لاہور۔16جولائی (اے پی پی):پنجاب بھر میں اوور سپیڈنگ کے خلاف کارروائیوں کے نتیجے میں رواں ماہ 29 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

ترجمان ٹریفک پولیس پنجاب کے مطابق رواں ماہ اوور سپیڈنگ پر ایک ہزار سے زائد شہریوں کے خلاف کارروائی کی گئی جبکہ سیف سٹی کیمروں کے ذریعے 700 سے زائد اوور سپیڈنگ گاڑیوں کو ای چالان جاری کیے گئے۔ترجمان نے بتایا کہ موٹر سائیکلوں، نجی اور کمرشل گاڑیوں کے خلاف بھی کارروائیاں عمل میں لائی جا رہی ہیں جبکہ سیف سٹی کیمروں کے ذریعے اوور سپیڈنگ کرنے والوں کے خلاف کریک ڈائون جاری ہے۔ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب محمد وقاص نذیر نے کہا ہے کہ صوبہ بھر میں موٹر سائیکل سواروں کے لیے حدِ رفتار 60 کلومیٹر فی گھنٹہ مقرر کی گئی ہے اور رفتار کی نگرانی کے لیے سپیڈ گن مشینوں کا استعمال کیا جا رہا ہے۔ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب نے کہا کہ محفوظ پنجاب، محفوظ سڑکوں اور محفوظ سفر کے وژن کے تحت ٹریفک پولیس ہر وقت متحرک اور کوشاں ہے۔