چین کے شہر شنگھائی میں رواں سال مصنوعی ذہانت (AI) کی سب سے بڑی چار روزہ عالمی نمائش کے لئے 2026 ورلڈ آرٹیفیشل انٹیلی جنس کانفرنس 17 جولائی سے شروع ہو گی
چین، ورلڈ آرٹیفیشل انٹیلی جنس کانفرنس17 جولائی سے شروع ہو گی

مزید خبریں
بیجنگ۔16جولائی (اے پی پی):چین کے شہر شنگھائی میں رواں سال مصنوعی ذہانت (AI) کی سب سے بڑی چار روزہ عالمی نمائش کے لئے 2026 ورلڈ آرٹیفیشل انٹیلی جنس کانفرنس 17 جولائی سے شروع ہو گی ۔ اماراتی نیوز ایجنسی وام نے چائنا سینٹرل ٹیلی ویژن کی رپورٹ کے حوالے سے بتایا ہے کہ ’’بہتر مستقبل کے لیے اے آئی شراکت داری‘‘ کے تھیم سے منعقد ہونے والی 4 روزہ کانفرنس میں 140 سے زائد فورمز کا انعقاد ہوگا، جن میں چین اور دنیا بھر سے 1,400 سے زیادہ مہمان شرکت کریں گے۔ کانفرنس کے اہم شعبے درج ذیل ہیں جن میں کانفرنسیں اور فورمز،نمائشیں اور ٹیکنالوجی شوکیس، ایوارڈز اور مقابلے،عملی تجربات اور ایپلی کیشنز،اختراعات کی حوصلہ افزائی اور ٹیلنٹ کی تلاش ہو گی۔ یہ کانفرنس شنگھائی کے پوڈونگ، ژانگ جیانگ اور شوہوئی کے چار مختلف مقامات پر منعقد ہوگی جس میں مرکزی فورم، ذیلی فورمز، جدید اسمارٹ ڈیوائسز کی نمائش، اے آئی اور ثقافت و تفریح سے متعلق تجربات، اور مصنوعی ذہانت پر مبنی جدید ترین مصنوعات پیش کی جائیں گی۔ منتظمین کے مطابق پہلی مرتبہ نمائش کا رقبہ ایک لاکھ مربع میٹر سے تجاوز کر جائے گا جبکہ 1,100 سے زائد کمپنیاں شرکت کریں گی۔ نمائش کے دوران 3,000 سے زیادہ مصنوعات اور ٹیکنالوجیز پیش کی جائیں گی، جن میں سے 300 سے زائد مصنوعات پہلی بار عالمی سطح پر متعارف کرائی جائیں گی۔ شنگھائی ورلڈ ایکسپو ایگزیبیشن اینڈ کنونشن سینٹر کے دو مقامات پر مرکزی فورم، 100 سے زائد فورمز اور مرکزی نمائش منعقد ہوگی۔ شوہوئی کا مقام سمارٹ ٹرمینلز اور اے آئی سے چلنے والی تفریحی ٹیکنالوجی پر توجہ مرکوز کرے گا جبکہ ژانگ جیانگ میں اے آئی چپس اور دیگر جدید ہارڈویئر مصنوعات کی نمائش کی جائے گی۔ یہ کانفرس دراصل گلوبل اے آئی گورننس پر اعلی سطحی اجلاس ہو گا۔








