پنجاب فوڈ سیفٹی ٹیموں کی کارروائی، 2 فوڈیونٹس بند، 18 کو جرمانہ

پنجاب فوڈ اتھارٹی نےمختلف اضلاع میں کارروائیاں کرتے ہوئے ایک ہزار 550 لیٹر ناقص آئل، 200 کلو مضر صحت گوشت اور ممنوعہ اجزا تلف کر دیے۔

لاہور۔17جولائی (اے پی پی):پنجاب فوڈ اتھارٹی نےمختلف اضلاع میں کارروائیاں کرتے ہوئے ایک ہزار 550 لیٹر ناقص آئل، 200 کلو مضر صحت گوشت اور ممنوعہ اجزا تلف کر دیے۔

ترجمان کے مطابق ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی راجہ منصور احمد کی ہدایت پر فوڈ سیفٹی ٹیموں نے 22 فوڈ یونٹس کی چیکنگ کی، جن میں سے 2 یونٹس کو بند، 18 کو مجموعی طور پر 4 لاکھ 56 ہزار روپے جرمانہ کیا گیا جبکہ 2 مقدمات بھی درج کرائے گئے۔ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی راجہ منصور احمد نے بتایا کہ بکر منڈی میں ایک حویلی سے ناقص گوشت برآمد ہونے پر جعلسازی کے الزام میں مقدمہ درج کروا دیا گیا، جبکہ سمسانی روڈ پر آئل گودام کی چیکنگ کے دوران ناقص انتظامات پر ایف آئی آر درج کروائی گئی۔ انہوں نے کہا کہ جی ٹی روڈ پر واقع ایک معروف ریسٹورنٹ اور گھوڑے شاہ کے علاقے میں ایک فوڈ یونٹ کو بھی بند کر دیا گیا۔ کارروائیوں کے دوران صفائی کے ناقص انتظامات، فوڈ سیفٹی قوانین کی خلاف ورزیاں اور بدبودار ماحول جیسے سنگین نقائص سامنے آئے۔راجہ منصور احمد نے کہا کہ خوراک کا کاروبار کرنے والے مقررہ قوانین پر عملدرآمد یقینی بنائیں، عوامی صحت کا تحفظ پنجاب فوڈ اتھارٹی کی اولین ترجیح ہے اور ملاوٹ کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عمل جاری رہے گا۔

مزید خبریں