وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ہیلتھ ریفارمز پروگرام کے تحت ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ نوید احمد نے گوجرانوالہ میڈیکل ٹیچنگ ہسپتال (سول ہسپتال) کا اچانک دورہ کیا۔دورے کے دوران انہوں نے ہسپتال کے مختلف وارڈز
ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ کا میڈی ٹیچنگ ہسپتال کا اچانک دورہ، طبی سہولیات کا تفصیلی جائزہ

مزید خبریں
گوجرانوالہ۔ 17 جولائی (اے پی پی):وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ہیلتھ ریفارمز پروگرام کے تحت ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ نوید احمد نے گوجرانوالہ میڈیکل ٹیچنگ ہسپتال (سول ہسپتال) کا اچانک دورہ کیا۔دورے کے دوران انہوں نے ہسپتال کے مختلف وارڈز، ایمرجنسی اور دیگر شعبہ جات کا تفصیلی معائنہ کیا۔ انہوں نے ڈاکٹرز، نرسنگ اور پیرا میڈیکل اسٹاف کی حاضری چیک کی۔ ڈپٹی کمشنر نے زیرِ علاج مریضوں کی عیادت کی اور ان کے لواحقین سے ملاقات کرتے ہوئے علاج معالجے کی سہولیات، صفائی ستھرائی، ادویات کی دستیابی، طبی عملے کے رویے اور ہسپتال میں فراہم کی جانے والی سہولیات کے معیار بارے بھی دریافت کیا۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نوید احمد نے ڈاکٹرز اور طبی عملے کو ہدایت کی کہ مریضوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی اور ان کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آنا ان کی اولین ذمہ داری ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ فرائض کی انجام دہی میں غفلت، لاپروائی یا مریضوں سے نامناسب رویہ کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا اور ایسے عناصر کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق سرکاری ہسپتالوں میں علاج معالجے کی معیاری سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے تاکہ عوام کو بروقت اور بہترین طبی خدمات میسر آسکیں۔ ڈپٹی کمشنر نے شہریوں پر بھی زور دیا کہ وہ ہسپتال انتظامیہ اور طبی عملے کے ساتھ مکمل تعاون کریں، وارڈز میں غیر ضروری رش سے اجتناب کریں اور صفائی ستھرائی کے اصولوں کی پابندی کریں تاکہ مریضوں کے علاج اور صحت یابی کے عمل کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔








