وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی سے سینئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب کی ملاقات ، مختلف ترقیاتی منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا

وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی سے سینئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب نے جمعہ کو پاکستان ریلویز ہیڈکوارٹرز لاہور میں ملاقات کی جس میں صوبے کے عوام کو بہتر سفری سہولیات کی فراہمی کے لیے پاکستان ریلویز اور حکومت پنجاب کے درمیان باہمی تعاون و مختلف ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

لاہور۔17جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی سے سینئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب نے جمعہ کو پاکستان ریلویز ہیڈکوارٹرز لاہور میں ملاقات کی جس میں صوبے کے عوام کو بہتر سفری سہولیات کی فراہمی کے لیے پاکستان ریلویز اور حکومت پنجاب کے درمیان باہمی تعاون و مختلف ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات میں فیصلہ کیا گیا کہ حکومت پنجاب صوبے بھر کی تمام 177 ان مینڈ لیول کراسنگز کو مینڈ کرنے کی ذمہ داری سنبھالے گی، جس کے لیے 9 ارب 70 کروڑ روپے مختص کیے جائیں گے۔ اس اقدام کا مقصد ریلوے کراسنگز پر حفاظتی انتظامات بہتر بنا کر حادثات میں نمایاں کمی لانا ہے۔

اجلاس میں پنجاب کے آٹھ ریلوے روٹس پر ڈیزل ملٹی پل یونٹس (ڈی ایم یوز) چلانے کے منصوبے پر بھی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔اس سلسلے میں امپلیمینٹیشن کے لیے مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) تیار کی جا رہی ہے، جبکہ نیسپاک کی ٹیموں نے منصوبے کے سروے کا آغاز کر دیا ہے اور شاہدرہ نارووال سیکشن کا سروے مکمل ہو چکا ہے۔ملاقات میں بتایا گیا کہ ایم او یو کے تحت صوبے میں ریلوے انفراسٹرکچر کی بہتری اور اسے جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے مختلف اقدامات کیے جائیں گے۔ حکومت پنجاب نے ریلوے تنصیبات کے اطراف پارکس کے قیام کے لیے بھی بجٹ مختص کر دیا ہے، جس کے تحت شاہدرہ سے رائیونڈ تک ریلوے ٹریک کے اطراف 40 پارکس قائم کیے جائیں گے۔

اس موقع پر وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب مریم نواز ایک ویژنری لیڈر ہیں جنہیں عوامی فلاح کا بھرپور احساس ہے۔ انہوں نے کہا کہ لیول کراسنگز کی بہتری سے حادثات میں نمایاں کمی آئے گی جبکہ ڈی ایم یوز کی سروس شروع ہونے سے پنجاب میں عوام کا سفر مزید آسان، تیز اور محفوظ ہوگا۔ انہوں نے حکومت پنجاب کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ دونوں اداروں کے باہمی اشتراک سے ریلوے نظام کی بہتری اور عوام کو جدید سفری سہولیات کی فراہمی میں مدد ملے گی۔