وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات و نشریات بیرسٹر دانیال چوہدری نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے آئندہ انتخابات میں مسلم لیگ (ن) راولپنڈی سے مہاجرین کی تینوں نشستوں پر کامیابی حاصل کر کے یہ فتح قائد محمد نواز شریف کے نام کرے گی
آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے آئندہ انتخابات میں مسلم لیگ (ن) راولپنڈی سے مہاجرین کی تینوں نشستوں پر کامیابی حاصل کر کے یہ فتح قائد محمد نواز شریف کے نام کرے گی،بیرسٹر دانیال چوہدری

مزید خبریں
راولپنڈی۔18جولائی (اے پی پی):وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات و نشریات بیرسٹر دانیال چوہدری نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے آئندہ انتخابات میں مسلم لیگ (ن) راولپنڈی سے مہاجرین کی تینوں نشستوں پر کامیابی حاصل کر کے یہ فتح قائد محمد نواز شریف کے نام کرے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے راولپنڈی میں آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کی مہاجرین نشست کے امیدوار احمد رضا قادری کے انتخابی دفتر کے افتتاح کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
تقریب میں سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب، رکن قومی اسمبلی طاہرہ اورنگزیب، سابق میئر راولپنڈی سردار نسیم خان، ارکان صوبائی اسمبلی راجہ محمد حنیف، ضیاء اللہ شاہ، ملک افتخار، زیب النسا اعوان سمیت مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں، کارکنوں اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ بیرسٹر دانیال چوہدری نے کہا کہ کشمیری عوام محب وطن، باوقار اور پاکستان سے گہری وابستگی رکھنے والے لوگ ہیں جنہوں نے ہر مشکل گھڑی میں وطن عزیز کے ساتھ اپنی لازوال محبت، یکجہتی اور قربانی کے جذبے کا مظاہرہ کیا ہے۔
یہی جذبہ پاکستان اور آزاد کشمیر کے مضبوط رشتے کی بنیاد ہے۔ وفاقی پارلیمانی سیکرٹری نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے دور حکومت میں آزاد کشمیر میں سڑکوں، بنیادی ڈھانچے، تعلیم، صحت اور عوامی فلاح کے شعبوں میں نمایاں ترقیاتی منصوبے مکمل کیے گئے، جن کے ثمرات آج بھی عوام تک پہنچ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) ہمیشہ عملی کارکردگی، عوامی خدمت اور ترقی کی سیاست پر یقین رکھتی ہے اور آئندہ بھی آزاد کشمیر کے عوام کی توقعات پر پورا اترنے کے لیےکردار ادا کرتی رہے گی۔








