محکمہ لائیوسٹاک اینڈ ڈیری ڈویلپمنٹ فیصل آباد نے مویشی پال حضرات کو سبز چارے کے استعمال میں حفاظتی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے تاکہ جانور مختلف بیماریوں اور ہاضمے کے مسائل سے محفوظ رہ سکیں۔
محکمہ لائیوسٹاک کی مویشی پال حضرات کو برسات کے موسم میں سبز چارے کے استعمال میں حفاظتی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت

مزید خبریں
فیصل آباد۔ 18 جولائی (اے پی پی):محکمہ لائیوسٹاک اینڈ ڈیری ڈویلپمنٹ فیصل آباد نے مویشی پال حضرات کو سبز چارے کے استعمال میں حفاظتی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے تاکہ جانور مختلف بیماریوں اور ہاضمے کے مسائل سے محفوظ رہ سکیں۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیوسٹاک ڈاکٹر روبینہ انجم نے بتایاکہ بارش کے دوران اگنے والا سبز چارہ اگرچہ غذائیت سے بھرپور ہوتا ہے تاہم مناسب احتیاط نہ برتنے کی صورت میں یہ جانوروں کی صحت کے لیے نقصان دہ بھی ثابت ہو سکتا ہے۔ اس لیے مویشی پال حضرات کو چاہیے کہ بارش سے بھیگا ہوا چارہ فوراً جانوروں کو نہ کھلائیں بلکہ اسے کچھ دیر سکھا کر استعمال کریں۔انہوں نے کہا کہ پھپھوندی زدہ، سڑا ہوا یا بدبودار چارہ ہرگز استعمال نہ کیا جائے کیونکہ ایسا چارہ جانوروں میں مختلف بیماریوں کا سبب بن سکتا ہے۔ اسی طرح ایک ہی وقت میں زیادہ مقدار میں نرم سبز چارہ کھلانے سے بھی گریز کیا جائے اور اس کے ساتھ خشک چارہ بھی شامل رکھا جائے تاکہ جانوروں کا نظامِ ہاضمہ متوازن رہے۔انہوں نے کہا جانوروں کو آلودہ یا بارش کا جمع شدہ پانی پلانے سے بھی اجتناب کیا جائے اور ہمیشہ صاف، تازہ اور مناسب مقدار میں پانی فراہم کیا جائے۔انہوں نے مویشی پال حضرات کو ہدایت کی کہ اگر کسی جانور میں بھوک ختم ہونے، خوراک چھوڑنے، دست لگنے، سستی، پیٹ پھولنے یا دیگر غیر معمولی علامات ظاہر ہوں تو فوری طور پر قریبی ویٹرنری ہسپتال یا لائیوسٹاک آفیسر سے رابطہ کریں تاکہ بروقت علاج ممکن بنایا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ احتیاطی تدابیر پر عمل کرکے نہ صرف جانوروں کو بیماریوں سے محفوظ رکھا جا سکتا ہے بلکہ دودھ اور گوشت کی پیداوار میں بھی بہتری لائی جا سکتی ہے۔انہوں نے مویشی پال حضرات سے اپیل کی ہے کہ مزید رہنمائی یا شکایات کے لیے محکمہ کی ہیلپ لائن 08000-9211 سے 24 گھنٹے رابطہ کیا جا سکتا ہے۔








