چیچہ وطنی پلانٹیشن دلکش ودلفریب جنگلی پرندوں کی بڑی محفوظ پناہ گاہ بن چکی ہے،جس پر محکمہ تحفظ جنگلی حیات وپارکس پنجاب دادتحسین کا مستحق ہے
چیچہ وطنی پلانٹیشن جنگلی پرندوں کا پرکشش مسکن بن چکی ہے،ترجمان محکمہ جنگلی حیات

مزید خبریں
لاہور۔18جولائی (اے پی پی):چیچہ وطنی پلانٹیشن دلکش ودلفریب جنگلی پرندوں کی بڑی محفوظ پناہ گاہ بن چکی ہے،جس پر محکمہ تحفظ جنگلی حیات وپارکس پنجاب دادتحسین کا مستحق ہے۔ترجمان محکمہ جنگلی حیات نے کہا ہے کہ محکمہ نے چیچہ وطنی پلانٹیشن کوپروٹیکٹڈ ایریا ایکٹ کے تحت وائلڈ لائف سینگچوری ڈکلیرڈکررکھا ہے تاہم وائلڈ لائف رینجرز ساہیوال ریجن کی اتنے وسیع رقبہ پر مشتمل پلانٹیشن کی موثر نگرانی اور حفاظت ہی کی بدولت ان جنگلی پرندوں کی بڑی بڑی کالونیاں یہاں بکثرت آبادہو چکی ہیں جسکا سہرا یقینا وائلڈ لائف رینجرز ساہیوال ریجن کے سر ہے جنہوں نے شبانہ روز یہاں جنگلی حیات کی نگہبانی کے فرائض سر انجام دیکر اس وسیع و عریض جنگل کو جنگلی پرندوں کیلئے انتہائی پر کشش مسکن بنایا۔انہوں نے مزید بتایا کہ چیچہ وطنی پلانٹیشن 11ہزار 500 ایکڑ پر محیط ایک مصنوعی جنگل ہے جومحکمہ جنگلات کے زیرِ انتظام وائلڈ لائف ریجن ساہیوال میں واقع ہے جہاں روزانہ لاکھوں جنگلی پرندے تلیر ،طوطے ،فاختائیں ،مینا اور جنگلی کبوتر غول در غول اترتے ہیں اور یہ جنگل آج جنگلی حیات خصوصاجنگلی پرندوں کیلئے ایک محفوظ پناہ گاہ بن چکی ہے۔اس حوالے سے ڈپٹی چیف وائلڈ لائف رینجر ساہیوال ریجن منور حسین نجمی کی صدر دفتر لاہور سے شیئر کی گئی ایک ویڈیومیں دیکھا جاسکتا ہے کہ جنگلی پرندوں خصوصا کسان دوست پرندوں کی ایک بہت بڑی تعداد شام ہوتے ہی اِ س جنگل میں غول در غول اتر رہی ہے جو دن بھر کھیتوں کھلیانوں میں ضرر رساں کیڑے مکوڑے کھانے کے بعد رات یہاں بسیرا کرتی ہے ، اس جنگل میں ان کسان دوست پرندوں کے علاوہ دیگر جنگلی جانور وپرندے بھی مسکن پذیر ہیں جن کی بابت دریافت کرنے پر اسسٹنٹ چیف وائلڈ لائف رینجر ضلع ساہیوال محمد شر جیل نے بتایاکہ اس جنگل میں پائی جانیوالی جنگلی حیات کی دیگر انواع میں گولڈن اوریول،کالاوبھورا تیتر ،گرے ہارن بل ،بلیک ڈرانگو ،گرین بی ایٹر ،بٹیر ،الو ،بڑھئی ،کنگ فشر ،جنگلی چڑیاں ،کوے ،چیلیں ،اژدھے ،انواع واقسام کے سانپ ،گیدڑ ،نیولے ،سور،جنگلی بلی،گوہ اور جنگلی خرگوش وغیرہ بھی مسکن پزیر ہیں جو اس خطے کا ماحولیاتی توازن برقرار رکھنے میں انتہائی اہم کردار ادا کررہے ہیں۔








