موٹروے ایم-2 پر تین گاڑیوں کے تصادم سے ایک شخص جاں بحق، پانچ زخمی

موٹروے ایم-2 پر تین گاڑیوں کے تصادم سے ایک شخص جاں بحق اور پانچ زخمی ہو گئے۔ ریسکیو 1122 نے بروقت امدادی کارروائی کرتے ہوئے زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا ہے۔12 بجکر 17 منٹ پر ڈسٹرکٹ کنٹرول رُوم ریسکیو 1122 سرگودھا کو اطلاع موصول ہوئی کہ بھیرہ انٹرچینج سے اسلام آباد کی جانب تقریباً 10 کلومیٹر فاصلے پر موٹروے ایم-2 پر متعدد گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئی ہیں

سرگودھا۔ 18 جولائی (اے پی پی):موٹروے ایم-2 پر تین گاڑیوں کے تصادم سے ایک شخص جاں بحق اور پانچ زخمی ہو گئے۔ ریسکیو 1122 نے بروقت امدادی کارروائی کرتے ہوئے زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا ہے۔12 بجکر 17 منٹ پر ڈسٹرکٹ کنٹرول رُوم ریسکیو 1122 سرگودھا کو اطلاع موصول ہوئی کہ بھیرہ انٹرچینج سے اسلام آباد کی جانب تقریباً 10 کلومیٹر فاصلے پر موٹروے ایم-2 پر متعدد گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئی ہیں۔ اطلاع ملتے ہی ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ڈاکٹر مظہر حسین شاہ کی ہدایات پر ریسکیو 1122 کی دو ایمبولینسز فوری طور پر جائے وقوعہ کی جانب روانہ کر دی گئیں۔ ابتدائی معلومات کے مطابق راولپنڈی جانے والی دودھ سپلائی گاڑی سامنے چلنے والی وی ایٹ گاڑی سے ٹکرا گئی، جس کے بعد پیچھے سے آنے والی ایلیٹ فورس کی گاڑی بھی دودھ سپلائی گاڑی سے جا ٹکرائی۔ حادثے کے وقت اے آئی جی کے بھائی کے اہلِ خانہ وی ایٹ گاڑی میں سفر کر رہے تھے اور حادثے کا شکار ہوئے۔ حادثے کے نتیجے میں مجموعی طور پر چھ افراد متاثر ہوئے جن میں ایک شخص جاں بحق جبکہ پانچ زخمی ہوگئے۔ ریسکیو 1122 کے اہلکاروں نے موقع پر پہنچ کر تمام زخمیوں کا ابتدائی طبی معائنہ کیا، وائٹل سائنز چیک کیے، فریکچر والے مریضوں کو اسپلنٹ لگائی، کندھے کی ہڈی اترنے والے مریض کو سلنگ فراہم کی، آئی وی لائن قائم کی زخموں کی ڈریسنگ کی اور ضروری طبی امداد فراہم کی۔ ریسکیو 1122 نے پانچوں زخمیوں کو مزید علاج معالجہ کے لیے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال بھیرہ منتقل کیا جبکہ جاں بحق شخص کی نعش بھی ضروری کارروائی کے بعد ہسپتال منتقل کر دی گئی۔ ریسکیو 1122 نےامدادی کارروائی کامیابی سے مکمل کر لی۔

مزید خبریں