وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے سرسبز و شاداب پنجاب کے ویژن کے تحت سہولت بازار خانیوال میں شجرکاری مہم کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا۔
درخت قدرت کا انمول تحفہ اور صحت مند ماحول کی ضمانت ہیں،رانا سلیم حنیف

مزید خبریں
خانیوال. 18 جولائی (اے پی پی):وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے سرسبز و شاداب پنجاب کے ویژن کے تحت سہولت بازار خانیوال میں شجرکاری مہم کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا۔ صوبائی پارلیمانی سیکرٹری برائے مواصلات و تعمیرات رانا سلیم حنیف نے سہولت بازار انتظامیہ انجینئر عبدالرحمن قلزم، عبیداللہ، محمد طلحہ، معروف تاجر میاں یونس اور دیگر شرکاء کے ہمراہ پودا لگا کر مہم کا افتتاح کیا۔اس موقع پر رانا سلیم حنیف نے کہا کہ درخت قدرت کا انمول تحفہ اور صحت مند ماحول کی ضمانت ہیں، شجرکاری نہ صرف ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے، موسمیاتی تبدیلیوں کے منفی اثرات میں کمی اور درجہ حرارت کو متوازن رکھنے میں اہم کردار ادا کرتی ہے بلکہ آنے والی نسلوں کو صاف، سرسبز اور خوشگوار ماحول فراہم کرنے کا مؤثر ذریعہ بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق پورے صوبے کو زیادہ سے زیادہ سرسبز بنانے کے لیے شجرکاری مہم جاری ہے، جس میں ہر شہری کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ماحول کے تحفظ اور "گرین پنجاب” کے خواب کو حقیقت بنانے کے لیے زیادہ سے زیادہ درخت لگائے جائیں گے اور ان کی نگہداشت کو بھی یقینی بنایا جائے گا، کیونکہ درخت لگانا صدقۂ جاریہ اور آئندہ نسلوں کے محفوظ مستقبل کی ضمانت ہے







