صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت پنجاب میں مون سون بارشوں کا دوسرا سپیل 19 جولائی سے شروع ہو گا۔ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق 19 سے 24 جولائی تک صوبے کے بیشتر اضلاع میں تیز ہوائوں،گرج چمک اور بارشوں کی پیشگوئی ہے
پنجاب میں مون سون بارشوں کا دوسرا سپیل 19 جولائی سے شروع ہو گا

مزید خبریں
لاہور۔18جولائی (اے پی پی):صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت پنجاب میں مون سون بارشوں کا دوسرا سپیل 19 جولائی سے شروع ہو گا۔ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق 19 سے 24 جولائی تک صوبے کے بیشتر اضلاع میں تیز ہوائوں،گرج چمک اور بارشوں کی پیشگوئی ہے،مون سون بارشوں کے دوسرے سپیل میں کم وقت میں زیادہ بارش کے امکانات ہیں۔ترجمان کے مطابق دوسرے سپیل کے دوران راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، منڈی بہائوالدین، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد، وزیرآباد، فیصل آباد، خوشاب، سرگودھا، لاہور، شیخوپورہ، سیالکوٹ، نارووال، ساہیوال،جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، ننکانہ صاحب اور چنیوٹ میں موسلادھار بارش کا امکان ہے۔ اسی طرح نورپور تھل، بھکر، میانوالی، لیہ، بہاولپور، بہاولنگر، ڈیرہ غازی خان، ملتان، خانیوال، لودھراں، مظفرگڑھ، کوٹ ادو، رحیم یار خان اور راجن پور میں بھی بارش متوقع ہے جبکہ راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور، سیالکوٹ، ملتان اور فیصل آباد میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے ،مقامی ندی نالوں، نالہ لئی، کشمیر، مری، گلیات اور شمال مشرقی پنجاب کے برساتی نالوں میں بھی طغیانی کا خطرہ ہے۔ڈی جی پی ڈی ایم اے عمر عباس میلہ نے صوبہ بھر کے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مون سون بارشوں سے پنجاب کے دریائوں اور ان سے ملحقہ ندی نالوں میں پانی میں اضافے کے خدشات ہیں ، برساتی نالوں میں فلیش فلڈنگ کا بھی خطرہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ بڑے شہروں میں مون سون بارشوں کے باعث اربن فلڈنگ کے پیش نظر انتظامیہ پیشگی الرٹ رہے، اس سلسلے میں محکمہ صحت، آبپاشی، تعمیر و مواصلات، لوکل گورنمنٹ اور لائیو سٹاک کو بھی الرٹ جاری کر دیاگیا ہے۔ڈی جی پی ڈی ایم اے نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ خراب موسم کی صورتحال میں احتیاطی تدابیر اختیار کر یں، آندھی و طوفان کی صورتحال میں محفوظ مقامات پر رہیں ،غیر ضروری سفر سے گریز کریں، شہری آسمانی بجلی سے تحفظ کیلئے محفوظ مقامات پر رہیں،بچوں کا خاص خیال رکھیں ،انہیں نشیبی علاقوں میں پانی اور بجلی تاروں و کھمبوں کے قریب ہرگز نہ جانے دیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ عوام بجلی کی گرج چمک اور طوفانی صورتحال میں کھلے آسمان تلے ہرگز نہ جائیں جبکہ کسی بھی ایمرجنسی صورتحال میں پی ڈی ایم اے ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کریں۔








