گوجرانوالہ کے اسامہ بٹ نے منگولیا میں کانسی کا تمغہ جیت کر عالمی سطح پر پاکستان کا پرچم بلند کر دیا

پاکستان کے مایہ ناز ماس ریسلر اسامہ بٹ نے منگولیا میں منعقدہ "اے آر اے فیسٹیول ماس ریسلنگ چیمپئن شپ” میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کانسی کا تمغہ اپنے نام کر لیا۔

اسلام آباد / گوجرانوالہ۔18جولائی (اے پی پی):پاکستان کے مایہ ناز ماس ریسلر اسامہ بٹ نے منگولیا میں منعقدہ "اے آر اے فیسٹیول ماس ریسلنگ چیمپئن شپ” میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کانسی کا تمغہ اپنے نام کر لیا۔ گوجرانوالہ سےتعلق رکھنے والے اسامہ بٹ نے عالمی سطح پر ملک کا نام روشن کرتے ہوئے روس اور منگولیا جیسے روایتی اور عالمی معیار کے مضبوط ترین ماس ریسلرز کا کامیابی سے مقابلہ کیا۔ فیسٹیول میں اس شاندار کامیابی پر اسامہ بٹ کو 2,000 امریکی ڈالر کے نقد انعام سے بھی نوازا گیا۔

اسامہ بٹ کی یہ تاریخی کامیابی پاکستان میں ماس ریسلنگ کے فروغ کا منہ بولتا ثبوت ہے، جس سے یہ واضح ہوتا ہے کہ پاکستانی ماس ریسلرز عالمی سطح پر مسلسل اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہے ہیں اور بین الاقوامی سطح پر ملک کی کامیابیاں مسلسل بڑھ رہی ہیں۔پاکستان ماس ریسلنگ فیڈریشن کے صدر نواب فرقان خان نے اسامہ بٹ کو اس تاریخی کامیابی پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہاکہ اسامہ بٹ کی کامیابی پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہے اور یہ نوجوانوں کے لیے ایک نئی امید اور حوصلے کی علامت بن کر ابھری ہے۔

اس کامیابی نے ثابت کر دیا ہے کہ ہمارے ماس ریسلرز دنیا کے بہترین ایتھلیٹس کا مقابلہ کرنے کی مکمل صلاحیت رکھتے ہیں۔انہوں نےکہا کہ پاکستان ماس ریسلنگ فیڈریشن ملک میں نوجوان ٹیلنٹ کو عالمی سطح پر متعارف کرانے کے لیے سرگرم عمل ہے اور بین الاقوامی مقابلوں میں کھلاڑیوں کی بھرپور نمائندگی کو یقینی بنا رہی ہے۔ یہ کامیابی فیڈریشن کی مسلسل کاوشوں اور کھیل کے فروغ و نوجوانوں کی تربیت کے عزم کا نتیجہ ہے۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ پاکستان مستقبل میں ماس ریسلنگ کے مزید عالمی اعزازات جیتنے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔کھیلوں کے حلقوں نے اسامہ بٹ کی اس فتح کو پاکستانی کھیلوں کے لیے ایک اہم سنگِ میل قرار دیا ہے۔ مبصرین کا کہنا ہے کہ ایشیا اور دنیا بھر میں پاکستانی ماس ریسلرز اپنی مضبوط شناخت بنا رہے ہیں اور یہ فتح مستقبل کے کھلاڑیوں کے لیے بین الاقوامی سطح پر ملک کا نام روشن کرنے کا راستہ ہموار کرے گی۔

 

مزید خبریں