گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے آل پاکستان کمرشل ایکسپورٹ ایسوسی ایشن کے وفد کی ملاقات

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے آل پاکستان کمرشل ایکسپورٹ ایسوسی ایشن کے وفد نے ملاقات کی۔وفد کی قیادت ایسوسی ایشن کے سرپرست حاجی مامور خان کررہے تھے

پشاور۔ 18 جولائی (اے پی پی):گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے آل پاکستان کمرشل ایکسپورٹ ایسوسی ایشن کے وفد نے ملاقات کی۔وفد کی قیادت ایسوسی ایشن کے سرپرست حاجی مامور خان کررہے تھے، گورنر ہاؤس سے جاری کردہ بیان کے مطابق وفد میں حاجی منہاج الدین، حنان خان، حاجی فاروق زمان، سرتاج خان، ڈاکٹر مسعود گل، شبیر خان شامل تھے، خیبرپختونخوا اسمبلی میں پیپلز پارٹی کے پارلیمانی لیڈر احمد کنڈی بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وفد نے صوبے میں جیم اسٹونز کی قیمتی صنعت سے وابستہ برآمد کنندگان، تاجروں اور کان کنوں کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا اور اس شعبے کی ترقی کے لیے عملی اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔

وفد نے گورنر کو بتایا کہ خیبرپختونخوا قدرتی جیم اسٹونز کے حوالے سے ملک کا سب سے اہم صوبہ ہے، تاہم جدید کٹنگ و پالش، بین الاقوامی معیار کی لیبارٹریوں، سرٹیفیکیشن، برآمدی سہولیات اور سرمایہ کاری کے فقدان کے باعث اس شعبے کی حقیقی استعداد سے فائدہ نہیں اٹھایا جا رہا۔ گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ خیبرپختونخوا قدرتی وسائل سے مالا مال صوبہ ہے اور سوات کے زمرد، کوہستان کے پیریڈوٹ، مردان کے گلابی ٹوپاز اور دیگر قیمتی پتھر عالمی سطح پر منفرد شناخت رکھتے ہیں۔ ان وسائل سے بھرپور استفادہ صوبے کی معیشت، روزگار کے مواقع اور برآمدات میں نمایاں اضافہ کر سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جیم اسٹونز کی مقامی سطح پر کٹنگ، پالش، ویلیو ایڈیشن اور بین الاقوامی معیار کے سرٹیفیکیشن کے ذریعے پاکستان قیمتی پتھروں کی عالمی منڈی میں اپنا مؤثر مقام حاصل کر سکتا ہے۔ انہوں نے اس شعبے سے وابستہ مسائل کو متعلقہ وفاقی و صوبائی اداروں کے ساتھ اٹھانے اور ان کے حل کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ گورنر فیصل کریم کنڈی نے مزید کہا کہ پشاور تاریخی طور پر جیم اسٹونز کی تجارت کا اہم مرکز رہا ہے، خیبرپختونخوا اسمبلی میں پیپلز پارٹی کے پارلیمانی لیڈر احمد کنڈی اس حوالہ سے بھرپور کردار ادا کرینگے۔

 

مزید خبریں