این ڈی ایم اے نے 18 سے 23 جولائی تک گلگت بلتستان، خیبرپختونخوا اور آزاد کشمیر میں اچانک سیلابی صورتحال کے ممکنہ خطرے کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا
این ڈی ایم اے نے 18 سے 23 جولائی تک گلگت بلتستان، خیبرپختونخوا اور آزاد کشمیر میں اچانک سیلابی صورتحال کے ممکنہ خطرے کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا

مزید خبریں
اسلام آباد۔18جولائی (اے پی پی):نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے)نے 18 سے 23 جولائی تک گلگت بلتستان، خیبرپختونخوا اور آزاد کشمیر میں اچانک سیلابی صورتحال کے ممکنہ خطرے کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا، 19 سے 24 جولائی تک آزاد جموں و کشمیر میں لینڈ سلائیڈنگ کا الرٹ بھی جاری کیا ہے۔ ہفتہ کواین ڈی ایم اے کی جانب سے جاری بیان کے مطابق این ا ی او سی تمام ممکنہ خطرات کی پیشگی تشخیص اورمتعلقہ اداروں تک بر وقت معلومات کی فراہمی یقینی بنا رہا ہے،موجودہ موسمی صورتحال این ای او سی کے جاری پیشگی موسمی جائزہ کے عین مطابق ہے۔شدید بارشوں کے باعث مقامی ندی نالوں،برساتی گزرگاہوں اور پہاڑی علاقوں میں اچانک سیلاب کا خدشہ ہے۔
گلگت بلتستان کے دریاؤں اور ندی نالوں میں درمیانے سے بلند درجے کے سیلاب کا امکان ہے۔خیبرپختونخوا کے بالائی و وسطی اضلاع اور پہاڑی برساتی نالوں میں طغیانی کا خطرہ ہے۔آزاد کشمیر میں دریائے نیلم، جہلم، پونچھ اور ملحقہ ندی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں نمایاں اضافے کا امکان ہے۔این ڈی ایم اے نے 19 سے 24 جولائی تک آزاد جموں و کشمیر میں لینڈ سلائیڈنگ کا الرٹ بھی جاری کیا ہے ۔ مسلسل بارشوں کے باعث نیلم، حویلی، پونچھ، مظفرآباد اور باغ میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔کوٹلی، سدھنوتی، میرپور اور بھمبر کے پہاڑی علاقوں میں بھی لینڈ سلائیڈنگ کے درمیانے درجے کے خطرات موجود ہیں۔مظفرآباد، باغ، کہوٹہ اور بھمبر کی شاہراہوں پر مٹی کے تودے گرنے اور ٹریفک متاثر ہونے کا امکان ہے۔
عوام غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور پہاڑی ڈھلوانوں، دریا کے کناروں اور حساس شاہراہوں پر احتیاط برتیں۔این ڈی ایم اے نے 17 سے 23 جولائی تک پنجاب اور شمال مشرقی بلوچستان میں ممکنہ سیلابی صورتحال کا الرٹ بھی جاری کیا ہے۔شدید بارشوں کے باعث پنجاب اور بلوچستان کے برساتی ندی نالوں اور پہاڑی علاقوں میں اچانک سیلاب کا خدشہ ہے۔سیالکوٹ، نارووال، گجرات، ڈی جی خان، راجن پور، مری اور گلیات کے برساتی نالوں میں طغیانی کا امکان ہے۔ژوب، شیرانی، موسیٰ خیل، لورالائی، ہرنائی، سبی، کوہلو، جعفرآباد اور ملحقہ اضلاع کے برساتی نالے متاثر ہو سکتے ہیں۔دریائے چناب، راوی اور ان سے منسلک ندی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ متوقع، نشیبی علاقوں کے مکین احتیاط کریں۔
این ڈی ایم اے نے 18 سے 23 جولائی تک پنجاب، اسلام آباد اور خیبرپختونخوا کے مختلف شہروں میں ممکنہ سیلاب کا الرٹ بھی جاری کر دیا۔شدید بارشوں کے باعث راولپنڈی، اسلام آباد، لاہور، فیصل آباد، گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، نارووال، حافظ آباد اور شیخوپورہ میں شہری سیلاب کا خدشہ ہے۔خیبرپختونخوا کے پشاور، نوشہرہ، مردان اور چارسدہ میں نشیبی علاقے زیر آب آنے کا امکان ہے۔شہری غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کریں، برساتی نالوں اور زیر آب سڑکوں سے دور رہیں۔
این ڈی ایم اے نے متعلقہ اداروں کو ہنگامی مشینری اور ریسکیو ٹیموں کو الرٹ رکھنے کی ہدایت کی ہے۔ مسافر و سیاح پہاڑی اور لینڈ سلائیڈ والے راستوں پر مکمل احتیاط کریں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔ خطرناک ڈھلوانوں کے قریب سے آمدورفت میں احتیاط برتیں۔این ڈی ایم اے کیجانب سے مقامی انتظامیہ کو ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کی تیاری کی ہدایت جاری کی ہے۔عوام مستند اطلاع و حفاظتی تدابیر کے لئے پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ ایپ استعمال کریں۔








