خیبرپختونخوا چیمپئنز لیگ کی لانچنگ تقریب کا انعقاد، گورنر فیصل کریم کنڈی، سابق قومی کپتان شاہد آفریدی و دیگر شخصیات کی شرکت

خیبرپختونخوا چیمپئنز لیگ کی لانچنگ تقریب کا انعقاد، گورنر فیصل کریم کنڈی، سابق قومی کپتان شاہد آفریدی و دیگر شخصیات کی شرکت

پشاور۔ 18 جولائی (اے پی پی):خیبرپختونخوا چیمپئنز لیگ (کے سی ایل) کی رنگارنگ لانچنگ تقریب پشاور میں منعقد ہوئی، جس میں گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی، لیگ کے ایمبیسیڈر سابق قومی کپتان شاہد آفریدی، لیگ کے سی ای او سہیل خان کنڈی، کرکٹرز، حکومتی نمائندوں اور شائقین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔تقریب کے دوران خیبرپختونخوا چیمپئنز لیگ میں حصہ لینے والی چھ ٹیموں کے لوگوز اور جرسیوں کی باقاعدہ رونمائی کی گئی۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ خیبر پختونخوا چیمپئنز لیگ کے ذریعے دنیا کو صوبے کا مثبت، پُرامن اور روشن چہرہ دکھانا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا پیغام ہے کہ خیبر پختونخوا کے عوام امن پسند ہیں، دہشت گرد نہیں اور دہشت گردی کا مقابلہ مثبت سوچ، کھیلوں کے فروغ اور نوجوانوں کی صلاحیتوں کو اجاگر کرکے کیا جائے گا۔ گورنر نے کہا کہ خیبر پختونخوا کھیلوں، خصوصاً کرکٹ کے بے پناہ ٹیلنٹ سے مالا مال ہے اور قومی کرکٹ ٹیم میں بھی صوبے کے کھلاڑی نمایاں کردار ادا کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ لیگ میں چھ ٹیمیں ٹائٹل کےلیے مدمقابل ہوں گی اور اس ایونٹ کو ہر سال باقاعدگی سے منعقد کیا جائے گا۔فیصل کریم کنڈی نے چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی اور لیگ کے انعقاد میں تعاون پر متعلقہ اداروں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس اقدام سے نوجوان کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتیں منوانے کا بہترین موقع ملے گا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے لیگ کے سی ای او سہیل خان کنڈی نے کہا کہ خیبر پختونخوا چیمپئنز لیگ کے آغاز سے صوبے کے نوجوانوں میں کھیلوں کا جذبہ مزید فروغ پائے گا۔ انہوں نے کہا کہ لیگ کے ذریعے خیبر پختونخوا کا باصلاحیت کرکٹ ٹیلنٹ سامنے آئے گا اور مستقبل میں قومی سطح پر نئے کھلاڑی ابھر کر سامنے آئیں گے۔ انہوں نے لیگ کے انعقاد میں تعاون پر چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی کا خصوصی شکریہ بھی ادا کیا۔

 

مزید خبریں