وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس ،سی ڈی اے اورای او بی آئی کا اسلام آباد میں سیاحت، تفریح، ہوٹلنگ اور دیگر اہم شعبوں میں مشترکہ ترقیاتی منصوبے شروع کرنے کا فیصلہ

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس ،سی ڈی اے اورای او بی آئی کا اسلام آباد میں سیاحت، تفریح، ہوٹلنگ اور دیگر اہم شعبوں میں مشترکہ ترقیاتی منصوبے شروع کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد۔18جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت ہونے والے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) اور ایمپلائز اولڈ ایج بینیفٹس انسٹی ٹیوشن (ای او بی آئی) اسلام آباد میں سیاحت، تفریح، ہوٹلنگ اور دیگر اہم شعبوں میں مشترکہ ترقیاتی منصوبے شروع کریں گے۔اجلاس میں وفاقی وزیر برائے اوورسیز پاکستانیز سالک حسین نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی جبکہ ای او بی آئی کے چیئرمین جاوید شیخ، سی ڈی اے کے چیئرمین سہیل اشرف اور دونوں اداروں کے اعلیٰ حکام بھی شریک ہوئے۔

اجلاس میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ سی ڈی اے اور ای او بی آئی اپنے وسائل اور مہارت کو بروئے کار لاتے ہوئے ایسے مشترکہ منصوبے تیار کریں گے جن سے اسلام آباد میں سیاحت کو فروغ ملے، تفریحی سہولیات میں اضافہ ہو، ہوٹل انڈسٹری مستحکم ہو اور دیگر ترقیاتی شعبوں میں سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا ہوں۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ دونوں ادارے آئندہ 15 روز کے اندر ایک جامع مشترکہ ترقیاتی منصوبہ تیار کریں گے، جس میں ترجیحی منصوبوں، ان پر عملدرآمد کی حکمت عملی اور سرمایہ کاری کے مواقع کی نشاندہی کی جائے گی۔

طے پایا کہ 15 روز بعد وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وفاقی وزیر برائے اوورسیز پاکستانیز سالک حسین کی مشترکہ زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں اس منصوبے کا جائزہ لے کر مجوزہ ترقیاتی منصوبوں کو حتمی شکل دی جائے گی۔اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی حتمی منظوری کے بعد سی ڈی اے اور ای او بی آئی مشترکہ ترقیاتی منصوبوں پر باقاعدہ عملدرآمد کا آغاز کریں گے۔اجلاس کے شرکاء کے مطابق یہ اقدام حکومت کی اس وسیع حکمت عملی کا حصہ ہے جس کا مقصد اسلام آباد میں سیاحتی انفراسٹرکچر کو بہتر بنانا، نئی تفریحی سہولیات فراہم کرنا، ہوٹلنگ کے شعبے کو فروغ دینا اور سرکاری اداروں کے باہمی تعاون سے عوامی اثاثوں کی تجارتی استعداد سے مؤثر انداز میں فائدہ اٹھانا ہے۔

مزید خبریں