یومِ الحاقِ پاکستان کشمیری عوام کی پاکستان سے غیر متزلزل وابستگی اور حقِ خودارادیت کے عزم کی علامت ہے، سپیکر سردار ایاز صادق

سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے یومِ الحاقِ پاکستان کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ یہ دن کشمیری عوام کی پاکستان سے گہری وابستگی، مشترکہ تاریخی، مذہبی، ثقافتی اور تہذیبی رشتوں اور حقِ خودارادیت کے لیے ان کے غیر متزلزل عزم کی علامت ہے۔

اسلام آباد۔18جولائی (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے یومِ الحاقِ پاکستان کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ یہ دن کشمیری عوام کی پاکستان سے گہری وابستگی، مشترکہ تاریخی، مذہبی، ثقافتی اور تہذیبی رشتوں اور حقِ خودارادیت کے لیے ان کے غیر متزلزل عزم کی علامت ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کی منصفانہ جدوجہد میں ہمیشہ ان کے شانہ بشانہ کھڑی رہے گی اور ان کی جائز امنگوں کی بھرپور حمایت جاری رکھے گی۔ہفتہ کوقومی اسمبلی سیکرٹریٹ سے جاری بیان میں سپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ 19 جولائی 1947ء کو سری نگر میں آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس کے تاریخی اجلاس میں منظور کی جانے والی قرارداد کے ذریعے ریاست جموں و کشمیر کےپاکستان سے الحاق کے عزم کا اظہار کیا گیا، جس کی یاد میں ہر سال یومِ الحاقِ پاکستان منایا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ تاریخی قرارداد برصغیر کے مسلمانوں کے اجتماعی احساسات، دو قومی نظریے اور کشمیری عوام کی امنگوں کی آئینہ دار تھی، جس نے مسئلہ کشمیر کی تاریخ میں ایک اہم سنگِ میل کی حیثیت اختیار کی۔انہوں نے کہا کہ بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر کا تنازع جنوبی ایشیا میں پائیدار امن و استحکام سے جڑا ہوا ایک دیرینہ مسئلہ ہے، جس کا منصفانہ اور پائیدار حل اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق ناگزیر ہے۔انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کو چاہیے کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا مؤثر نوٹس لے اور کشمیری عوام کو ان کا بنیادی حق حقِ خودارادیت دلانے کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔

سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ پاکستان کی پارلیمان کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی حمایت میں ہمیشہ متحد رہی ہے۔ اس تناظر میں پاکستان کی پارلیمان نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے خلاف متعدد متفقہ قراردادیں منظور کر کے عالمی برادری کی توجہ اس دیرینہ مسئلے کی طرف مبذول کرائی ہے، اور آئندہ بھی ہر قومی، علاقائی اور بین الاقوامی فورم پر ان کی آواز مؤثر انداز میں اٹھاتی رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمانی کمیٹی برائے کشمیر مسئلہ کشمیر کو قومی اور بین الاقوامی سطح پر مؤثر انداز میں اجاگر کرنے اور کشمیری عوام کی آواز عالمی برادری تک پہنچانے کے لیے فعال کردار ادا کر رہی ہے۔

انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کشمیری عوام کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت ہر سطح پر جاری رکھے گا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کی آزادی، انصاف اور حقِ خودارادیت کے لیے دی جانے والی قربانیاں کبھی رائیگاں نہیں جائیں گی۔ اس موقع پر ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی سید غلام مصطفیٰ شاہ نے اپنے پیغام میں کہا کہ یومِ الحاقِ پاکستان کشمیری عوام اور پاکستانی قوم کے درمیان مضبوط تاریخی رشتوں، باہمی اعتماد اور مشترکہ اقدار کی علامت ہے۔

انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام نے گزشتہ کئی دہائیوں سے آزادی اور حقِ خودارادیت کے لیے بے مثال قربانیاں دی ہیں جنہیں پوری قوم سلام پیش کرتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی پارلیمان کشمیری عوام کے ساتھ اپنی غیر متزلزل یکجہتی کا اعادہ کرتی ہے اور ان کے جائز حقوق کے حصول تک اپنی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گی۔

مزید خبریں