درجنوں یہودی آباد کاروں نے ایک بار پھر مسجدِ اقصی پر دھاوا بول دیا ۔ مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق 214 یہودی آباد کاروں نے مقبوضہ بیت المقدس میں مسجدِ اقصی پر اتوار کو دھاوا بول دیا۔
درجنوں یہودی آباد کاروں کا ایک بار پھر مسجدِ اقصی پر دھاوا
مزید خبریں
مقبوضہ بیت المقدس۔20جولائی (اے پی پی):درجنوں یہودی آباد کاروں نے ایک بار پھر مسجدِ اقصی پر دھاوا بول دیا ۔ مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق 214 یہودی آباد کاروں نے مقبوضہ بیت المقدس میں مسجدِ اقصی پر اتوار کو دھاوا بول دیا۔
قابض اسرائیلی حکام کی طرف سے اس دوران مسجد سے انتظامیہ کے ارکان کی بیدخلی کے احکامات، گھروں کی مسماری کے نوٹس اور شہر کے مختلف علاقوں میں چھاپے مارنے جیسے اقدامات بھی کیے گئے۔القدس گورنریٹ کی طرف سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ 214یہودی آباد کاروں نے دو اوقات (صبح اور دوپہر کے بعد)میں گروپس کی شکل میں مسجدِ اقصی پر دھاوا بولا جو کہ مسجد پر بار بار ہونے والے حملوں کا تسلسل ہے۔ القدس گورنریٹ نے اس امر کی طرف اشارہ کیا کہ بیت المقدس میں وادی حلوہ انفارمیشن سینٹر کے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ ہفتے مسجدِ اقصی پر دھاوا بولنے والے یہودی آباد کاروں کی تعداد 1639 تک پہنچ گئی ہے۔القدس گورنریٹ نے واضح کیا کہ قابض حکام نے مقبوضہ بیت المقدس میں ہیئتِ عملِ قومی کے رکن اور سرگرم کارکن احمد الصفدی اور کارکن ناصر الہدمی سمیت کئی دیگر سرگرم کارکنوں کو مسجدِ اقصی سے بیدخل کرنے کا حکم جاری کیا ہے۔
قابض اسرائیلی افواج نے مقبوضہ بیت المقدس کے شمال میں واقع قصبہ کفر عقب میں کئی گھروں کو خالی کرنے کے نوٹس جاری کیے ہیں تاکہ ان کو مسمار کیا جا سکے۔ ان میں 22 گھروں کے مالکان کو انخلا کے احکامات تھمائے گئے اور انہیں صرف ایک ہفتے کی مہلت دی گئی اور یہ گھر ان 30 گھروں میں شامل ہیں جن کے خلاف مسماری کے نوٹس جاری کیے جا چکے ہیں۔اسی ضمن میں قابض افواج نے قلندیا کیمپ پر چھاپہ مارا اور اس کے دروازے پر پوزیشن سنبھال لی، اس سے پہلے اسرائیلی فوجی گاڑیاں قلندیا کیمپ کے محلوں میں گھس گئیں، جہاں انہوں نے شہریوں کے گھروں پر دھاوا بولا، ان کی تلاشی لی اور ان کا سامان اٹھا کر ادھر ادھر پھینک دیا اور ایک فلسطینی کو گرفتار کر لیا۔
گورنری نے بتایا کہ قابض افواج نے اس کارروائی کے دوران پاپولر کمیٹی کی عمارت اور القدس گورنریٹ کے دفتر پر قبضہ کر لیا اور کارروائی کے دوران اور ان پر اندھا دھند آنسو گیس کے گولے اور سائونڈ بم برسائے۔گورنریٹ کے مطابق قابض فوج نے مقبوضہ بیت المقدس کے شمال مغرب میں واقع قصبوں بیت عنان اور بیت لقيا کو ملانے والی سڑک پر فوجی گیٹ نصب کرنے کے لئے سیمنٹ کے بلاک رکھ دیئے ۔مقبوضہ بیت المقدس اور مسجدِ اقصی میں اسرائیلی اقدامات میں مسلسل تیزی آرہی ہے جو یہودی آباد کاروں کے دھاو ں میں اضافے، مرابطین اور کارکنوں کے خلاف بیدخلی کے احکامات نافذ کرنے اور فلسطینی شہریوں کے گھروں اور دیگر عمارتوں کے انہدام کی کارروائیوں اور اضافے کی صورت میں ظاہر ہو تی ہیں ۔








