ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ/وزیرآباد نوید احمد نے دریائے چناب میں بالائی علاقوں میں ہونے والی حالیہ بارشوں کے تناظر میں اسسٹنٹ کمشنر وزیرآباد جواد حسین پیرزادہ کے ہمراہ وزیرآباد کا دورہ کیا اور ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے کیے گئے انتظامات، حفاظتی اقدامات اور فلڈ رسپانس پلان کا تفصیلی جائزہ لیا۔
گوجرانوالہ،دریائے چناب میں پانی کی صورتحال معمول کے مطابق، ضلعی انتظامیہ کا وزیرآباد میں فلڈ انتظامات کا تفصیلی جائزہ

مزید خبریں
گوجرانوالہ۔ 20 جولائی (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ/وزیرآباد نوید احمد نے دریائے چناب میں بالائی علاقوں میں ہونے والی حالیہ بارشوں کے تناظر میں اسسٹنٹ کمشنر وزیرآباد جواد حسین پیرزادہ کے ہمراہ وزیرآباد کا دورہ کیا اور ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے کیے گئے انتظامات، حفاظتی اقدامات اور فلڈ رسپانس پلان کا تفصیلی جائزہ لیا۔دورے کے دوران محکمہ انہار، ریسکیو 1122، سول ڈیفنس، پولیس، محکمہ صحت، لوکل گورنمنٹ، ریونیو اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے ڈپٹی کمشنر کو فلڈ کنٹیجنسی پلان، ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے دستیاب وسائل اور بین المحکماتی رابطہ کاری کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔
ڈپٹی کمشنر نے دریائے چناب کے کنارے واقع حساس مقامات کا معائنہ کیا اور تحصیل وزیرآباد میں نشاندہی کیے گئے 44 انتہائی حساس فلڈ پوائنٹس پر کیے گئے حفاظتی اقدامات کا جائزہ لیا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ تمام حساس مقامات پر ضروری حفاظتی کام مکمل کر لیے گئے ہیں اور مسلسل نگرانی کا عمل جاری ہے۔اجلاس میں دریائے چناب کے کنارے واقع 66 ممکنہ متاثرہ دیہات کے لیے تیار کردہ جامع فلڈ مینجمنٹ پلان، ممکنہ انخلا، ریلیف کیمپس، ہنگامی رسپانس، ریسکیو انتظامات اور بین المحکماتی رابطہ کاری کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا تاکہ کسی بھی ممکنہ صورتحال میں بروقت اور مؤثر کارروائی یقینی بنائی جا سکے۔محکمہ انہار کے حکام نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اس وقت دریائے چناب میں تقریباً ایک لاکھ اکتیس ہزار (131,000) کیوسک پانی گزر رہا ہے جو محفوظ حد کے اندر ہے اور فی الحال کسی قسم کے سیلاب کا خطرہ نہیں۔ تاہم موسمی صورتحال اور بالائی علاقوں سے پانی کی آمد کے پیش نظر دریائے چناب کی مسلسل مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔
ڈپٹی کمشنر نوید احمد نے تمام متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ وہ ہائی الرٹ رہیں، مشینری، ریسکیو آلات، امدادی سامان اور عملے کی ہر وقت دستیابی یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی فلڈ رسپانس میکنزم کے تحت تمام اداروں کے درمیان مربوط رابطہ، بروقت معلومات کا تبادلہ اور فوری کارروائی ہر صورت یقینی بنائی جائے۔ اس مقصد کے لیے ضلعی فلڈ کوآرڈینیشن کمیٹی مکمل طور پر فعال ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ انسانی جانوں اور املاک کے تحفظ کے لیے تمام پیشگی انتظامات مکمل کر چکی ہے اور صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ افواہوں پر کان نہ دھریں، پرسکون رہیں اور صرف سرکاری ذرائع سے جاری ہونے والی ہدایات اور مستند اطلاعات پر عمل کریں۔








