وزیر زراعت پنجاب سید محمد عاشق حسین کرمانی نے سیکرٹری زراعت افتخار علی سہو کے ہمراہ پیر مہر علی شاہ بارانی زرعی یونیورسٹی راولپنڈی میں جدید شمسی توانائی (سولرائزیشن) منصوبے کا افتتاح کیا اور اسے اعلیٰ تعلیمی اداروں میں قابل تجدید توانائی، ماحولیاتی تحفظ اور توانائی کے موثر استعمال کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا۔
وزیر زراعت پنجاب کا بارانی زرعی یونیورسٹی میں سولرائزیشن منصوبے کا افتتاح

مزید خبریں
راولپنڈی ۔20جولائی (اے پی پی):وزیر زراعت پنجاب سید محمد عاشق حسین کرمانی نے سیکرٹری زراعت افتخار علی سہو کے ہمراہ پیر مہر علی شاہ بارانی زرعی یونیورسٹی راولپنڈی میں جدید شمسی توانائی (سولرائزیشن) منصوبے کا افتتاح کیا اور اسے اعلیٰ تعلیمی اداروں میں قابل تجدید توانائی، ماحولیاتی تحفظ اور توانائی کے موثر استعمال کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا۔وزیر زراعت نے کہا کہ یونیورسٹی کی جانب سے ماحول دوست جدید ٹیکنالوجی اور گرین انرجی کے فروغ کے لیے کیے گئے اقدامات قابل تحسین ہیں اور سولرائزیشن منصوبہ دیگر تعلیمی اداروں کے لیے بھی ایک قابل تقلید مثال ہے۔افتتاحی تقریب کے بعد وزیر زراعت کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا جس میں یونیورسٹی کے جاری ترقیاتی منصوبوں، تحقیقی سرگرمیوں اور مستقبل کی حکمت عملی کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں وزیر زراعت نے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قمر الزمان کے وژن کو سراہتے ہوئے اساتذہ اور انتظامی ٹیم کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ ان کی کوششوں سے متعدد تعلیمی، تحقیقی اور ترقیاتی منصوبے کامیابی سے آگے بڑھ رہے ہیں۔انہوں نے اس موقع پر یقین دہانی کرائی کہ حکومت پنجاب اور محکمہ زراعت صوبے کی زرعی جامعات کی سرپرستی جاری رکھیں گے اور زرعی تحقیق کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے ساتھ جامعات اور محکمہ زراعت کے درمیان تحقیقی تعاون کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔اجلاس کے دوران وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قمر الزمان نے یونیورسٹی کی مجموعی کارکردگی، جاری منصوبوں اور مستقبل کے ترقیاتی وژن پر بریفنگ دی۔

انہوں نے زرعی تعلیم، تحقیق، اختراع، کاروباری صلاحیتوں کے فروغ اور کمیونٹی سروس کے مختلف منصوبوں سے آگاہ کرتے ہوئے فیکلٹی ڈویلپمنٹ پروگرام، ٹریننگ آف ٹرینرز، موسمیاتی تبدیلی سے ہم آہنگ مونگ پھلی کی ویلیو چین ڈویلپمنٹ، فارمرز کال سینٹر، زرعی مشاورتی سروس اور بزنس انکیوبیشن سینٹر کو جدید زرعی کاروباری مرکز میں تبدیل کرنے کے اقدامات پر بھی روشنی ڈالی۔سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو نے یونیورسٹی کے تحقیقی ماحول، تعلیمی معیار اور جدید علمی سرگرمیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ محکمہ زراعت پنجاب زرعی جامعات کے ساتھ مشترکہ تحقیقی اور ترقیاتی منصوبوں کو مزید وسعت دے رہا ہے جس سے جدید زرعی ٹیکنالوجی کے فروغ، زرعی تحقیق کے استحکام اور کسانوں کی خوشحالی میں مدد ملے گی۔








