عالمی برادری شام کی خودمختاری و علاقائی سالمیت کا احترام کرتے ہوئے اس کی بھرپور حمایت کرے،پاکستان

پاکستان نے شام کی نئی قیادت کی جانب سے ملک کو استحکام کی راہ پر گامزن کرنے کی کوششوں کو سراہتے ہوئے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ شام کی خودمختاری و علاقائی سالمیت کا احترام کرتے ہوئے اس کی بھرپور حمایت کرے۔

اقوام متحدہ۔22جولائی (اے پی پی):پاکستان نے شام کی نئی قیادت کی جانب سے ملک کو استحکام کی راہ پر گامزن کرنے کی کوششوں کو سراہتے ہوئے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ شام کی خودمختاری و علاقائی سالمیت کا احترام کرتے ہوئے اس کی بھرپور حمایت کرے۔

یہ بات وزیراعظم کے معاون خصوصی سید طارق فاطمی نے شام کی صورتحال بارے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ نئی شامی قیادت نے ملک میں استحکام، قومی اداروں کی بحالی اور خوشحال مستقبل کی بنیاد رکھنے کے لیے عزم کا مظاہرہ کیا ہے، برسوں کے تنازعات کے بعد شامی عوام کو اب نیا باب شروع کرنے کا موقع ملا ہے۔ سید طارق فاطمی نے کہا کہ شام پر عائد پابندیوں کا خاتمہ اس کی معاشی بحالی اور عالمی برادری میں دوبارہ شمولیت کی جانب اہم قدم ہے، تاہم ضروری ہے کہ اس کے عملی فوائد شامی عوام تک پہنچیں۔ انہوں نے کہا کہ شام کی سکیورٹی صورتحال اب بھی نازک ہے اور حالیہ واقعات داعش، غیر ملکی دہشت گرد جنگجوؤں اور دیگر دہشت گرد گروہوں سے درپیش خطرات کی نشاندہی کرتے ہیں۔

انہوں نے بین الاقوامی قانون کے مطابق مربوط اور مسلسل انسدادِ دہشت گردی اقدامات کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پائیدار امن کے لیے سچائی، احتساب اور مفاہمت پر مبنی قابلِ اعتماد عبوری انصاف کا عمل ناگزیر ہے۔ سید طارق فاطمی نے شام کے علاقوں خصوصاً گولان کی پہاڑیوں پر اسرائیل کے غیر قانونی قبضے کی مذمت کرتے ہوئے اسے بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ سلامتی کونسل کی قراردادوں 338 (1973) اور 497 (1981) سمیت 1974 میں اسرائیل اور شام کے درمیان ہونے والے معاہدے ’’ایگریمنٹ آن ڈس انگیجمنٹ ‘‘ پر مکمل عملدرآمد ہونا چاہیے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ شام کو وسیع تر علاقائی کشیدگی کا حصہ بننے سے بچانا ضروری ہے کیونکہ ایسی صورتحال ملک کے استحکام، تعمیرِ نو، معاشی بحالی اور عوام کی فلاح و بہبود کو متاثر کر سکتی ہے۔ معاونِ خصوصی نے شام میں جاری انسانی بحران سے نمٹنے کے لیے عالمی برادری سے مسلسل تعاون اور امداد جاری رکھنے کی اپیل کی۔