ضلع استور میں بارش کے باوجود بحالی کا کام تیزی سے جاری، شاہراہ استور آج شام تک کھولنے کا امکان

ضلع استور میں بارش کے باوجود بحالی کا کام تیزی سے جاری، شاہراہ استور آج شام تک کھولنے کا امکان

استور۔ 22 جولائی (اے پی پی):ضلع استور میں گزشتہ تین روز سے وقفے وقفے سے جاری بارش کے باعث معمولاتِ زندگی متاثر ہوئے ہیں۔ شدید بارش کے نتیجے میں مختلف مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ اور ملبہ گرنے سے شاہراہ استور تین مختلف مقامات پر ہر قسم کی ٹریفک کے لیے عارضی طور پر بند ہے، جبکہ استور شہر میں گزشتہ تین روز سے بجلی کا نظام بھی متاثر رہا۔ضلعی انتظامیہ، محکمہ تعمیرات، محکمہ برقیات اور دیگر متعلقہ ادارے متاثرہ علاقوں میں مسلسل امدادی اور بحالی کی سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔ بھاری مشینری کے ذریعے شاہراہ استور سے ملبہ ہٹانے اور سڑک کو ٹریفک کے لیے بحال کرنے کا کام تیزی سے جاری ہے۔ حکام کو امید ہے کہ اگر موسم مزید خراب نہ ہوا تو شاہراہ استور کو آج شام تک ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بحال کر دیا جائے گا۔

دوسری جانب محکمہ برقیات کی ٹیمیں بھی بجلی کی ترسیلی لائنوں اور دیگر تنصیبات کی مرمت میں مصروف ہیں۔ حکام کے مطابق استور سٹی میں بجلی کی فراہمی آج شام تک بحال ہونے کا قوی امکان ہے، جس کے بعد شہریوں کو درپیش مشکلات میں نمایاں کمی آئے گی۔بارش کے باعث متاثر ہونے والی ضلع استور کی مختلف رابطہ سڑکوں کی بحالی پر بھی تیزی سے کام جاری ہے۔ بیشتر بالائی علاقوں کی رابطہ سڑکیں بحال کر دی گئی ہیں، جبکہ باقی ماندہ سڑکوں کو بھی جلد از جلد کھولنے کے لیے متعلقہ ادارے بھرپور اقدامات کر رہے ہیں۔ضلعی انتظامیہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ خراب موسم کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں، انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ ہدایات پر عمل کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں متعلقہ اداروں سے رابطہ کریں۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ عوام کی جان و مال کے تحفظ اور معمولاتِ زندگی کی جلد بحالی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔

مزید خبریں