پاکستان نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ شام میں پائیدار امن، استحکام ، قومی مفاہمت اور تعمیرِ نو کے لیے جاری کوششوں کی بھرپور حمایت کرے۔ یہ بات اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار احمد نے سلامتی کونسل کے آریا فارمولا اجلاس میں کہی جس میں شام میں عبوری انصاف اور لاپتہ افراد کے مسئلے پر غور کیا گیا۔ اجلاس کا اہتمام کولمبیا اور …
عالمی برادری شام میں پائیدار امن، استحکام ، قومی مفاہمت اور تعمیرِ نو کے لیے کوششوں کی بھرپور حمایت کرے، پاکستان

مزید خبریں
اقوام متحدہ۔22جولائی (اے پی پی):پاکستان نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ شام میں پائیدار امن، استحکام ، قومی مفاہمت اور تعمیرِ نو کے لیے جاری کوششوں کی بھرپور حمایت کرے۔ یہ بات اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار احمد نے سلامتی کونسل کے آریا فارمولا اجلاس میں کہی جس میں شام میں عبوری انصاف اور لاپتہ افراد کے مسئلے پر غور کیا گیا۔ اجلاس کا اہتمام کولمبیا اور ڈنمارک نے لکسمبرگ اور شام کے تعاون سے کیا۔
پاکستانی مندوب نے کہا کہ عبوری انصاف شام میں مفاہمت، بحالی اور امن کے قیام کے لیے بنیادی حیثیت رکھتا ہے، شامی عوام کی خواہشات پر مبنی جامع حکمتِ عملی ہی عوام کا اعتماد بحال کرنے اور سماجی ہم آہنگی کو مضبوط بنانے میں مددگار ثابت ہو سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان شامی حکومت کے ان اقدامات کا خیرمقدم کرتا ہے جن میں عبوری انصاف کے قومی کمیشن اور لاپتہ افراد کے قومی کمیشن کا قیام نیز عبوری انصاف سے متعلق مجوزہ قانون کی تیاری شامل ہے، یہ اقدامات تنازعے کے اثرات سے نمٹنے اور متاثرین و ان کے اہلِ خانہ کی جائز توقعات پوری کرنے کے لیے انتہائی اہم ہیں۔
عاصم افتخار احمد نے اس بات پر زور دیا کہ شامی قومی اداروں اور متعلقہ بین الاقوامی اداروں کے درمیان موثر تعاون سچ، انصاف اور احتساب کے فروغ میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شام نے برسوں تک تباہ کن جنگ اور شدید انسانی مصائب کا سامنا کیا اور اب نئے دور میں داخل ہو رہا ہے تو عالمی برادری کی ذمہ داری ہے کہ وہ وہاں پائیدار امن، استحکام، قومی مفاہمت اور تعمیرِ نو کے لیے اس کی کوششوں کی بھرپور حمایت کرے۔








