ممتاز محققین اور سائنسدان قوم کا قیمتی اثاثہ اور سرمایہ ہیں،گورنر سندھ

گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے کہا ہے کہ جن قوموں نے تحقیق اور سائنس کو اپنایا وہ ترقی کی منازل طے کرتی رہیں جبکہ تحقیق سے دور ہونے والی قومیں پیچھے رہ گئیں۔بدھ کو گورنر ہائوس سے جاری اعلامیہ کے مطابق یہ بات گورنر سندھ نے ہائر ایجوکیشن کمیشن پاکستان کے زیرِ اہتمام ممتاز پاکستانی محققین اور سائنسدانوں کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

کراچی۔ 22 جولائی (اے پی پی):گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے کہا ہے کہ جن قوموں نے تحقیق اور سائنس کو اپنایا وہ ترقی کی منازل طے کرتی رہیں جبکہ تحقیق سے دور ہونے والی قومیں پیچھے رہ گئیں۔بدھ کو گورنر ہائوس سے جاری اعلامیہ کے مطابق یہ بات گورنر سندھ نے ہائر ایجوکیشن کمیشن پاکستان کے زیرِ اہتمام ممتاز پاکستانی محققین اور سائنسدانوں کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے کہا کہ قرآنِ مجید بار بار انسان کو تحقیق، تدبر اور علم حاصل کرنے کی تلقین کرتا ہے،پاکستان کا مستقبل علم، تحقیق اور اختراع سے وابستہ ہے۔سید محمد نہال ہاشمی نے کہا کہ ممتاز محققین اور سائنسدان قوم کا قیمتی اثاثہ اور سرمایہ ہیں، مجھے آپ پر فخر ہے۔آپ کی تحقیق آنے والی نسلوں کے روشن اور خوشحال مستقبل کی ضمانت ہے۔

انہوں نے کہاکہ معرکہ حق میں کامیابی کے پیچھے ہمارے سائنسدانوں اور محققین کی خدمات قابلِ ستائش ہیں۔انہوں نے کہاکہ مصنوعی ذہانت، انجینئرنگ اور جدید ٹیکنالوجی مستقبل کی ترقی کا تعین کر رہی ہیں،سائنس اور تحقیق کے ذریعے پانی، ونڈ اور سولر توانائی سمیت مختلف شعبوں میں جدت اور ترقی کی نئی راہیں کھلتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ جس ملک نے سائنس اور تحقیق کو ترجیح دی، وہی ترقی یافتہ ممالک کی صف میں شامل ہوئے ، سائنسدانوں اور محققین کی حوصلہ افزائی ریاست اور معاشرے کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ گورنر سندھ نے کہاکہ این ای ڈی یونیورسٹی نے ملک کو بہترین انجینئرز، محققین اور سائنسدان فراہم کیے ہیں۔جامعات، صنعت اور حکومتی اداروں کے مضبوط روابط ہی علم پر مبنی معیشت کی بنیاد ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہر قومی پالیسی اور اہم فورم پر سائنسدانوں کی موثر نمائندگی ہونی چاہیے،تحقیق کا مقصد عملی مسائل کا حل اور قومی ترقی میں موثر کردار ادا کرنا ہونا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ نوجوان بڑے خواب دیکھیں، تحقیق اور اختراع کو اپنی پہچان بنائیں،آپ سب آنے والی نسلوں کے لیے رول ماڈل ہیں، آپ کی کامیابیاں نوجوانوں کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔ گورنر سندھ نے مزید کہا کہ ہائر ایجوکیشن کمیشن کا یہ اقدام علمی و تحقیقی خدمات کے اعتراف کی بہترین مثال ہے۔ اس موقع پر صوبائی وزیر برائے جامعات و بورڈز اسماعیل راہونے کہاکہ جامعات میں تحقیق کے کلچر کو مزید فعال بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ چیئرمین ہائیر ایجوکیشن کمیشن پاکستان ڈاکٹر نیاز احمد اختر نے اس موقع پر کہا کہ ریسرچ پروگرام کے لیے 7 ہزار درخواستیں موصول ہوئیں، جن میں سے 142 منصوبوں کا انتخاب کیا گیا،تحقیق کے فروغ کے لیے 4 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں، رواں سال 142 ریسرچ پروجیکٹس کی منظوری دی گئی جبکہ گزشتہ سال یہ تعداد 43 تھی۔

P

مزید خبریں