بدھ کی رات اورجمعرات کوخیبر پختونخوا ، گلگت بلتستان، مری، گلیات اور کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ

محکمہ موسمیات نے انتباہ جاری کیا ہے کہ بدھ کی رات اورجمعرات کے روزخیبر پختونخوا ، گلگت بلتستان، مری، گلیات اور کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے

اسلام آباد۔22جولائی (اے پی پی):محکمہ موسمیات نے انتباہ جاری کیا ہے کہ بدھ کی رات اورجمعرات کے روزخیبر پختونخوا ، گلگت بلتستان، مری، گلیات اور کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے، بارشوں کے دوران کشمیر، مری ، گلیات، شمال مشرقی پنجاب،اسلام آباد،خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان، ڈیرہ غازی خان کے پہاڑی ندی نالوں اور شمال مشرقی بلوچستان کے مقامی/بر ساتی ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے،موسلادھار بارشوں کے باعث اسلام آباد/راولپنڈی، پشاور،نوشہرہ ،گجرات، گوجرانوالہ، لاہور،سیالکوٹ،ساہیوال،خانیوال، ملتان اور فیصل آباد میں نشیبی علاقے زیر آب آنے کا خدشہ ہے،موسلادھار بارش ،تیز آندھی اور آسمانی بجلی گرنےکے باعث کمزور تعمیرات (سولر پینلز، بجلی کے کھمبے، بل بورڈز وغیرہ) کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق موجودہ صورتحال کے پیش نظربحیرہ عرب اور خلیج بنگال سے مون سون ہوائیں ملک کےبالائی اور وسطی علاقوں میں داخل ہو رہی ہیں جو کہ شدت اختیار کر سکتی ہیں۔ مغربی ہوائوں کا سلسلہ بھی ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں پر اثر انداز ہو رہا ہے۔آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران خیبرپختونخوا،کشمیر، اسلام آباد،پنجاب ، شمال مشرقی بلوچستان اور گلگت بلتستان میں تیز ہوائوں اور گرج چمک کے ساتھ بیشتر مقامات پر بارش کا امکان ہے اس دوران بعض مقامات پر موسلادھار بارش کی توقع ہے۔کل (جمعرات کو) خیبرپختونخوا ،کشمیر،اسلام آباد، پنجاب ، شمال مشرقی بلوچستان، جنوب مشرقی سندھ اور گلگت بلتستان میں تیز ہوائوں اور گرج چمک کے ساتھ بیشتر مقامات پر وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے اس دوران بعض مقامات پر موسلادھار سے شدیدموسلادھار بارش کی توقع ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب، اسلام آباد، خیبرپختونخوا، کشمیر، گلگت بلتستان اور شمال مشرقی بلوچستان میں تیز ہوائوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ کہیں کہیں موسلادھار بارش بھی ہوئی۔ملک کے جنوبی علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہا۔سب سے زیادہ بارش پنجاب گوجرانوالہ 190، سیالکوٹ (ایئرپورٹ 172، سٹی 95)، نارووال 151، منڈی بہائوالدین 140، حافظ آباد 96، گجرات 95، لاہور (سٹی 78، ایئرپورٹ 51)، چکوال 70، جھنگ 66، اوکاڑہ 64، ٹوبہ ٹیک سنگھ 61، مری 40، لیہ 34، جہلم 33، ساہیوال 32، خانیوال 30، بہاولنگر 23، منگلا 18، بھکر 18، اٹک 16، ڈیرہ غازی خان 16، فیصل آباد 11، قصور 06، اسلام آباد (سیدپور 04، زیرو پوائنٹ ، گولڑہ ، بوکرا، ایئرپورٹ 01)، سرگودھا 03،

شیخوپورہ 02، نورپور تھل 02، ملتان سٹی 02، راولپنڈی (پیرودھائی ، گوالمنڈی ، شمس آباد 01)، خیبر پختونخوا: مالم جبہ 67، چراٹ 55، کالام 36، دیر(زیریں24،بالائی09) ، بالاکوٹ 21، ڈیرہ اسماعیل خان (سٹی 21، ایئرپورٹ 18)، تخت بھائی 18، پٹن 12، کاکول 11، پاڑاچنار 06، پشاور (سٹی 06، باچا خان ایئرپورٹ 05)، کشمیر: گڑھی دوپٹہ 44، کوٹلی 25، مظفرآباد (ایئرپورٹ 24، سٹی 18)، بلوچستان: ژوب 32، خضدار 11، بارکھان 06، گلگت بلتستان: گلگت 20، چلاس 15، استور 11، گوپس 07، بونجی ، ہنزہ 04، بگروٹ ، سکردو اوربابوسر میں 03 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ بدھ کو ریکارڈ کئے گئے زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت سبی،دالبندین 45اور نوکنڈی میں 44 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

مزید خبریں