صدر کلاڈیو تاپیا اور خزانچی کی امریکا میں گرفتاری کی خبریں غلط ہیں، ارجنٹائن فٹ بال ایسوسی ایشن کی وضاحت
صدر کلاڈیو تاپیا اور خزانچی کی امریکا میں گرفتاری کی خبریں غلط ہیں، ارجنٹائن فٹ بال ایسوسی ایشن کی وضاحت

مزید خبریں
بیونس آئرس۔23جولائی (اے پی پی):ارجنٹائن فٹ بال ایسوسی ایشن (اے ایف اے)نے ان تمام خبروں کو سختی سے مسترد کر دیا ہے جن میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ 23ویں فیفا ورلڈ کپ فائنل میچ کے بعد امریکاسے واپسی پر ایسوسی ایشن کے صدر کلاڈیو تاپیا اور خزانچی پابلو توویگینو کو امریکی حکام نے حراست میں لیا اور ان سے پوچھ گچھ کی۔
شنہوا کے مطابق ارجنٹائن فٹ بال ایسوسی ایشن نے اعتراف کیا ہے کہ امریکی حکام کی جانب سے ایک تیسرے فریق کے خلاف تحقیقات جاری ہیں جس کے تعلقات ارجنٹائن فٹ بال باڈی سے ہیں۔میڈیا رپورٹس کے مطابق نیویارک کے جان ایف کینیڈی ایئرپورٹ پر قومی ٹیم کے ساتھ وطن واپسی کے دوران دونوں اعلیٰ عہدیداروں کو روک کر ان کے الیکٹرانک آلات تحویل میں لیے گئے تھے اور بین الاقوامی معاہدو ں کی تحقیقات کے سلسلے میں عدالت میں طلب کیا گیا تھا۔
ارجنٹائن فٹ بال ایسوسی ایشن نے ان تمام اطلاعات کو مکمل طور پر جھوٹ اور بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ فلوریڈا کی ایک ڈسٹرکٹ کورٹ نے ’’تھرڈ پارٹی‘‘ کو گرینڈ جیوری کے سامنے پیش ہونے کا نوٹس جاری کیا ہے جس کا مقصد کچھ دستاویزات اور مواصلاتی ریکارڈ کی تصدیق کرنا ہے۔واضح رہے کہ 2017 سے کلاڈیو تاپیا کی قیادت میں کام کرنے والی ارجنٹائن فٹ بال ایسوسی ایشن پر ملک کے اندر بھی منی لانڈرنگ اور ٹیکس چوری کے حوالے سے متعدد تحقیقات جاری ہیں۔ اس کے علاوہ ارجنٹائن کے صدر خاویر میلی کی حکومت کے ساتھ بھی فٹ بال کلبز کی نجی کاری کی مخالفت پر اے ایف اے کی قیادت کے شدید اختلافات موجود ہیں۔








