وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب خطے میں امن، سلامتی اور استحکام کے فروغ کے لیے قریبی تعاون جاری رکھیں گے نیز بحیرۂ احمر، آبنائے ہرمز اور پورے خطے میں قانونی سمندری تجارت اور بحری آمدورفت کے بلا تعطل تسلسل کو یقینی بنانے کے لیے مشترکہ طور پر کام کرتے رہیں گے۔
پاکستان اور سعودی عرب خطے میں امن، سلامتی اور استحکام کے فروغ کے لیے تعاون جاری رکھیں گے ، وزیراعظم محمد شہباز شریف کی سعودی ہم منصب سے ٹیلی فونک گفتگو

مزید خبریں
اسلام آباد۔23جولائی (اے پی پی):وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب خطے میں امن، سلامتی اور استحکام کے فروغ کے لیے قریبی تعاون جاری رکھیں گے نیز بحیرۂ احمر، آبنائے ہرمز اور پورے خطے میں قانونی سمندری تجارت اور بحری آمدورفت کے بلا تعطل تسلسل کو یقینی بنانے کے لیے مشترکہ طور پر کام کرتے رہیں گے۔
جمعرات کو ایکس پر اپنے پیغام میں وزیر اعظم نے بتایا کہ ان کی اپنے عزیز بھائی سعودی عرب کے ولی عہد اور وزیرِ اعظم، شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود سے ٹیلی فون پر گفتگو ہوئی۔ میں نے بحیرۂ احمر میں سعودی تیل بردار جہازوں پر حوثی ملیشیا کے حملوں کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کی۔ وزیر اعظم نے کہا کہ اس نوعیت کی کارروائیاں ناقابلِ قبول اور بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی اور سمندری آمدورفت کی آزادی کے لیے خطرہ ہیں اور علاقائی امن و سلامتی کو نقصان پہنچاتی ہیں۔
وزیر اعظم نے کہا کہ میں نے برادر مملکتِ سعودی عرب کے ساتھ پاکستان کی مکمل یکجہتی کا اعادہ کیا اور انہیں یقین دلایا کہ میں، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور پوری پاکستانی قوم اس نازک وقت میں سعودی قیادت اور برادر عوام کے ساتھ پوری ثابت قدمی اور غیر متزلزل عزم کے ساتھ کھڑے ہیں۔
ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور میں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ ہم خطے میں امن، سلامتی اور استحکام کے فروغ کے لیے قریبی تعاون جاری رکھیں گے، نیز بحیرۂ احمر، آبنائے ہرمز اور پورے خطے میں قانونی سمندری تجارت اور بحری آمدورفت کے بلا تعطل تسلسل کو یقینی بنانے کے لیے مشترکہ طور پر کام کرتے رہیں گے۔








