عبادت حسین آسٹریلیا کے دورے سے باہر، بنگلہ دیشی ٹیم کھلاڑیوں کی انجریز سے پریشان

بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم اپنے اہم فاسٹ بولر عبادت حسین کے بغیر آئندہ ماہ آسٹریلیا کے خلاف آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کی 2 ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کھیلے گی۔

ڈھاکہ۔23جولائی (اے پی پی):بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم اپنے اہم فاسٹ بولر عبادت حسین کے بغیر آئندہ ماہ آسٹریلیا کے خلاف آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کی 2 ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کھیلے گی۔ ڈھاکہ ٹریبیون کے مطابق عبادت حسین اپنے پہلے بچے کی ولادت کے باعث بنگلہ دیش میں ہی قیام کریں گے اور اس اہم دورے کا حصہ نہیں ہوں گے۔ یہ سیریز 13 اگست سے ڈارون میں شروع ہونے جا رہی ہے۔عبادت حسین کی عدم دستیابی کے بعد بنگلہ دیشی فاسٹ بولنگ لائن اپ کی ذمہ داری تسکین احمد پر ہوگی، جنہوں نے ٹیسٹ سیریز کی بھرپور تیاریوں کی خاطر لنکا پریمیئر لیگ (ایل پی ایل)سے اپنا نام واپس لے لیا ہے۔

دوسری جانب ٹیم مینجمنٹ کو فاسٹ بولر ناہید رانا کی سائیڈ سٹرین انجری کے سکین کی رپورٹ کا انتظار ہے جبکہ تجربہ کار بلے باز لٹن داس بھی پنڈلی کی تکلیف میں مبتلا ہیں جس کی وجہ سے ان کی شرکت بھی مشکوک دکھائی دے رہی ہے۔بنگلہ دیشی ٹیم اگست کے آغاز میں آسٹریلیا پہنچے گی جہاں وہ 3 اگست سے ڈارون میں کرکٹ آسٹریلیا الیون کے خلاف تین روزہ پریکٹس میچ کھیلے گی۔ ٹیم کے بیٹنگ کوچ محمد اشرفل نے امید ظاہر کی ہے کہ قبل از وقت آسٹریلیا پہنچنے اور پریکٹس میچ سے کھلاڑیوں کو وہاں کے حالات میں ڈھلنے کا اچھا موقع ملے گا اور تمام کھلاڑیوں کے فٹ ہونے کی صورت میں ٹیم آسٹریلوی حالات میں شاندار کارکردگی دکھانے کی صلاحیت رکھتی ہے۔