لنکا پریمیئر لیگ (ایل پی ایل) کے ٹورنامنٹ رائٹس ہولڈر انوویٹو پروڈکشن گروپ (آئی پی جی) نے سری لنکا کرکٹ (ایس ایل سی) سے مشاورت کے بعد اسپورٹس کمیون کی جافنا کنگز کی فرنچائز کے ساتھ کیا گیا معاہدہ ختم کر دیا ہے۔
ایل پی ایل کا چھٹا ایڈیشن منصوبہ بندی کے مطابق ہوگا

مزید خبریں
لاہور۔23جولائی (اے پی پی):لنکا پریمیئر لیگ (ایل پی ایل) کے ٹورنامنٹ رائٹس ہولڈر انوویٹو پروڈکشن گروپ (آئی پی جی) نے سری لنکا کرکٹ (ایس ایل سی) سے مشاورت کے بعد اسپورٹس کمیون کی جافنا کنگز کی فرنچائز کے ساتھ کیا گیا معاہدہ ختم کر دیا ہے۔آئی پی جی کے مطابق فرنچائز کی جانب سے معاہدے کے تحت مالی ذمہ داریاں پوری نہ کیے جانے کے باعث یہ فیصلہ کیا گیا، جس کے بعد جافنا کنگز سے متعلق تمام حقوق دوبارہ آئی پی جی کو منتقل ہو گئے ہیں۔آئی پی جی اور سری لنکا کرکٹ نے مشترکہ طور پر ٹیم کا مکمل انتظامی کنٹرول سنبھال لیا ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ لنکا پریمیئر لیگ کا چھٹا ایڈیشن اپنے مقررہ شیڈول کے مطابق منعقد ہوگا اور جافنا کنگز اسی نام سے ٹورنامنٹ میں شرکت کرے گی۔ٹیم کے اسکواڈ،ٹورنامنٹ کے فارمیٹ یا میچوں کے شیڈول میں کسی قسم کی تبدیلی نہیں کی گئی۔آئی پی جی اور سری لنکا کرکٹ نے ٹیم کے تمام کھلاڑیوں،کوچنگ اسٹاف اور سپورٹ اسٹاف کے معاہدوں کی ذمہ داری اپنے ذمے لے لی ہے۔منتظمین نے کہاکہ ٹیم کے تمام سفری اور دیگر انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں،جس سے اسکواڈ بغیر کسی رکاوٹ کے ٹورنامنٹ میں حصہ لے سکے گا۔
اعلامیے کے مطابق کھلاڑیوں اور عملے کی تقریبا90 فیصد ادائیگیاں پہلے ہی مکمل کی جا چکی ہیں، جبکہ باقی ماندہ ادائیگیاں بھی معاہدوں کے مطابق مقررہ وقت پر کر دی جائیں گی۔آئی پی جی اور سری لنکا کرکٹ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ لنکا پریمیئر لیگ کے چھٹے ایڈیشن کو کامیابی سے منعقد کرنے کےساتھ کھلاڑیوں، ٹیموں، تجارتی شراکت داروں اور شائقین کے لیے پیشہ ورانہ معیار، دیانت داری اور شفافیت کو یقینی بنائیں گے۔آئی پی جی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر انیل موہن نے کہا کہ اگرچہ یہ ایک مشکل فیصلہ تھا،تاہم ہماری اولین ترجیح لنکا پریمیئر لیگ کی ساکھ اور کھلاڑیوں،کوچز،شراکت داروں اور شائقین کے مفادات کا تحفظ ہے۔
انہوں نے کہا کہ سری لنکا کرکٹ کے ساتھ مل کر فوری اقدامات کیے گئے تاکہ جافنا کنگز بغیر کسی تعطل کے ٹورنامنٹ میں شرکت جاری رکھ سکے،جبکہ کھلاڑیوں کے معاہدوں، عملے کی ذمہ داریوں اور ٹیم کے تمام انتظامات کو بلا رکاوٹ یقینی بنایا جا رہا ہے۔انہوں نے یقین دلایا کہ ایل پی ایل کا چھٹا ایڈیشن منصوبہ بندی کے مطابق ہوگا اور منتظمین ایک اور کامیاب اور عالمی معیار کے ٹورنامنٹ کے انعقاد کے لیے مکمل طور پر پرعزم ہیں۔








