جعلی ایچ ای سی سکالرشپس اور امریکی یونیورسٹی داخلے کے نام پر فی کس 10 ہزار ڈالر ہتھیانے والا ایجنٹ گرفتار

فیڈرل انوسٹی گیشن ایجنسی اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل اسلام آباد نے ایک منظم ایجنٹ اور انسانی سمگلر محمد زوہیب ولد محمد ذوالفقار بھٹی کو سیالکوٹ سے گرفتار کر لیا۔

اسلام آباد۔24جولائی (اے پی پی):فیڈرل انوسٹی گیشن ایجنسی اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل اسلام آباد نے ایک منظم ایجنٹ اور انسانی سمگلر محمد زوہیب ولد محمد ذوالفقار بھٹی کو سیالکوٹ سے گرفتار کر لیا۔

ملزم سیالکوٹ میں ’’براڈوے کنسلٹنسی‘‘ کے نام سے ایجنسی چلا رہا تھا۔ تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ ملزم نے متعدد طلباء اور درخواست گزاروں کو یونیورسٹی آف نیواڈا رینو امریکہ میں داخلے اور ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) فنڈڈ پی ایچ ڈی سکالرشپس کا جھانسہ دے کر فی کس 10 ہزار امریکی ڈالر ہتھیائے۔

ملزم نے متاثرین کو ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) پاکستان کے نام پر جعلی اور ملفوف دستاویزات فراہم کیں جن کی بعد ازاں ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) نے تصدیق پر جعلی قرار دیا۔ملزم کے خلاف ایف آئی آر نمبر 188/26 دفعات 420، 468 اور 109 تعزیرات پاکستان کے تحت مقدمہ درج ہے۔یہ کارروائی اسسٹنٹ ڈائریکٹر انویسٹی گیشن محمد نعمان کی سربراہی میں اے ایس آئی مظہر شاہ اور ایف آئی اے ٹیم نے انجام دی۔